Saturday, May 9, 2026
ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم کا معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر پیغام،افواج پاکستا ن کو خراج تحسین

وزیراعظم کا معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر پیغام،افواج پاکستا ن کو خراج تحسین

اسلام آباد (سب نیوز )معرکہ حق اللہ تعالی کے بے شمار انعامات اور احسانات پر اس کے حضور سجد شکر بجا لانے کا دن ہے۔ آج ہم اس عزم، جرات اور استقامت کو یاد کر رہے ہیں جس کا مظاہرہ پاکستان نے آزمائش کی گھڑی میں کیا اور دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔پوری قوم اپنے شہدا، ان کے اہلِ خانہ اور ان غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جو فولادی دیوار بن کر اپنے وطن کے دفاع کے لیے ڈٹ گئے۔ بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر ہماری افواج کے مربوط، منظم اور ہم آہنگ ردِعمل نے پاکستان کو ایک ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔

معرکہ حق اس حقیقت کی روشن دلیل ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہونے کے ساتھ ساتھ بہادر، باوقار، ثابت قدم اور غیرت مند قوم ہے، جسے نہ تو مرعوب کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی جارحیت کے ذریعے جھکایا جا سکتا ہے۔ معرکہ حق تاریخ میں ایک ایسے عظیم کارنامے کے طور پر ثبت ہو چکا ہے جس میں دشمن کی بلا اشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ دشمن کو حقیقت کا ایسا سبق دیا گیا جس نے اس کے ناقابلِ شکست ہونے کے زعم کو خاک میں ملا دیا۔ہم چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ان کی جراتمندانہ اور دلیرانہ قیادت پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کو بھی ان کی مدبرانہ حکمتِ عملی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

ہم اپنی بہادر مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستانی قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ پاکستان اور بھارت کے تناظر میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا۔پاکستان نے ایک جانب اپنے امن کے عزم کو واضح کیا، تو دوسری جانب دفاعی توازن کو بحال کرتے ہوئے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور تحفظ یقینی بنایا۔اس امر میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان کو کمزور کرنے یا اس کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری، مثر اور ہمہ جہت جواب دیا جائے گا۔ ہم اپنی سرحدوں کے دفاع اور تحفظ کے لیے پرعزم اور مکمل طور پر چوکس ہیں۔ پاکستان فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے اور دہشت گردی کے ناسور کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بھی ثابت قدمی سے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔پاکستان کا تذکرہ “کشمیر” کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا، جو برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار تزویراتی استحکام کا خواب شرمند تعبیر نہیں ہو سکتا۔ یہ مسئلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی ہمیشہ بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

آج پاکستان کو ایک ذمہ دار ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ عالمی امن اور استحکام کے ضامن کے طور پر بھی ابھرا ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع میں ایک اہم ثالث کے طور پر پاکستان کے کردار اور قیامِ امن کے لیے ہماری مسلسل کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ پاکستان تنازع کے پرامن حل کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔آئیے، آج معرکہ حق کا ایک سال پورا ہونے پر اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم فولادی دیوار بن کر اپنے دشمنوں کا مقابلہ کریں گے اور اس عظیم وطن کی مقدر کی شان و عظمت کے لیے بے لوث محنت جاری رکھیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔