اسلام آباد (آئی پی ایس )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آپریشن بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر یومِ معرکہ حق کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ تاریخی دن پاکستان کی دفاعی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جب پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارت کی وحشیانہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کامیاب جوابی کارروائیاں کیں
دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔اپنے ایک پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت اور چیف آف دی ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مثر عسکری حکمتِ عملی کے تحت آپریشن کو انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین ہم آہنگی کے ساتھ کامیابی سے مکمل کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ سیاسی اور عسکری قیادت کے مابین غیر معمولی اشتراکِی عمل نے پوری قوم کو ایک متحد قوت میں تبدیل کردیا، جس کے نتیجے میں دشمن کے عزائم کو مثر انداز میں ناکام بنایا گیا اور پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن کر ابھرا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فوج کے بہادر جوانوں نے دشمن کی اہم تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا
دشمن کے فضائی دفاعی نظام، خصوصا ایس 400 سسٹم کو مثر انداز میں ناکارہ بنا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع پر مامور افواجِ پاکستان کے یہ بہادر سپوت قوم کا حقیقی فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہاکہ پاک فضائیہ کی بے مثال کارکردگی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا اور پاکستان کی فضائی برتری کو خطے میں نمایاں انداز میں منوایا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت پاک فضائیہ کے تمام افسران اور جوانوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔
