Thursday, May 7, 2026
ہومتازہ ترینمعرکۂ حق کی کامیابی عسکری، قومی اور سفارتی طاقت کا منہ بولتا ثبوت ہے،عاطف اکرام شیخ

معرکۂ حق کی کامیابی عسکری، قومی اور سفارتی طاقت کا منہ بولتا ثبوت ہے،عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بھارتی غرور خاک میں ملانے والے ’’معرکۂ حق‘‘ کی پہلی سالگرہ پر شہداء، غازیوں اور افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی فتح نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع، خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

اپنے بیان میں عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی پاکستان کی عسکری، قومی اور سفارتی طاقت کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ اس فتح نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے ہیروز، شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ اتحاد، ایمان اور قربانی کے جذبے سے پاکستان نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی اور آج کا دن قومی عزم، یکجہتی اور تجدیدِ وفا کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بہادر سپوتوں نے پاکستان کو جو بلندی عطا کی، آج ملک سفارتی اور عالمی سطح پر اس کے ثمرات سمیٹ رہا ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ معرکۂ حق کی فتح کے بعد اب ’’معرکۂ معیشت‘‘ جیتنا قومی ترجیح بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس جذبے، اتحاد اور قربانی سے قوم نے معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کی، اسی جذبے کے ساتھ معاشی میدان میں بھی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کے دشمن ملک کی معیشت کو کمزور دیکھنا چاہتے ہیں، اس لیے پوری قوم کو معاشی استحکام کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی خودمختاری کے بغیر قومی خودمختاری ادھوری ہے اور مضبوط دفاع کے ساتھ مضبوط معیشت ہی روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتی ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نے سرحدوں کا دفاع کیا، اب پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طاقت بنانا ہی شہداء کی قربانیوں کا حقیقی احترام ہے جبکہ قومی اتحاد، پالیسیوں کے تسلسل اور کاروباری آسانیوں کے ذریعے معاشی جنگ بھی جیتی جا سکتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔