اسلام آباد :کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ادارہ جاتی سطح پر اہم انتظامی تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (لینڈ اینڈ اسٹیٹ مینجمنٹ) کی نئی پوسٹ قائم کر دی گئی ہے جبکہ اسے ایگزیکٹو کیڈر میں بی پی ایس 20 کا درجہ دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سی ڈی اے بورڈ کے 17ویں اجلاس میں سال 2025 کے دوران اس فیصلے کی منظوری دی گئی تھی، جس کے بعد اب اس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔فیصلے کے تحت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (لینڈ اینڈ ری ہیبیلیٹیشن) کی بی پی ایس 19 کی پوسٹ کو ختم کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی متعلقہ قواعد و ضوابط میں ضروری ترامیم اور شمولیت کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔سی ڈی اے حکام کے مطابق یہ اقدامات ادارے کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

