سیالکوٹ (آئی پی ایس )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، ہم اچھے ہمسائے کی طرح خطے میں امن چاہتے ہیں، ذاتی مفادات کو پیچھے رکھ کر قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت دوبارہ پاکستان پر حملہ کرنے کی جرات نہیں کرے گا، تاہم دشمن افغانستان کے ذریعے پراکسی وار کر رہا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستانی اور افغان طالبان کو بھارت کی سرپرستی حاصل ہے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں ایک اچھے ہمسائے کی حیثیت سے امن کا خواہاں ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس مئی میں بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی تھی، جس کا افواج پاکستان کی جانب سے دندان شکن جواب دیا گیا۔پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہم تیار ہیں۔
