گوانگ زو (سب نیوز)پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے مزید فروغ کے لیے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے گوانگ زو کے اپنے دورے کے دوران گوانگ زو انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر (جی آئی سی سی)کے ساتھ ایک سٹریٹجک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔
عمران منہاس، ایگزیکٹو ممبر جو کہ غیر ملکی وفود کی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں کے ہمراہ سردار طاہر محمود دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے چینی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے سرکردہ چینی فرموں کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں جن کا مقصد تعمیرات، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر جو پاکستان کی اقتصادی توسیع کے لیے اہم ہیں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے چینی کمپنیوں کے اعلی عہدیداروں کو اسلام آباد میں مدعو کیا ہے تاکہ نتیجہ خیز میٹنگز کو یقینی بنانے کے لیے معتبر پاکستانی ہم منصبوں کی پری اسکریننگ کے بعد بی ٹی بی سیشنز کا انعقاد کیا جائے۔سردار طاہر محمود نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کوششیں سفارتی خیر سگالی کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں، جس سے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور طویل مدتی صنعتی تعاون کی راہ ہموار ہو گی۔
