اسلام آباد(آئی پی ایس) وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایس ایل 11 پلے آف میں شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شائقین اسٹیڈیم آمد کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔محسن نقوی نے کہا کہ چاروں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل کوالیفائر کے لیے کل شائقین کا داخلہ مفت ہونے کا امکان ہے۔اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے فائنل میچ کو براہ راست دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کے دروازے شائقین کرکٹ کے لیے کھولنے کے احکامات جاری کیے تھے، جس کے بعد پی سی بی نے بھی میچ کی ٹکٹوں کی قیمت اور فروخت کا شیڈول جاری کیا تھا۔
پی سی بی کے جاری شیڈول کے مطابق ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آغاز پیر 27 اپریل جب کہ فزیکل ٹکٹس منگل 28 اپریل سے دستیاب ہوں گے۔ ٹکٹوں کی فروخت کے لیے کوریئر کمپنی کے 18 پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں۔ٹکٹوں کی قیمت انکلوژرز کے مطابق رکھی گئی ہے۔ کم سے کم ٹکٹ کی مالیت 1500 روپے جب کہ زیادہ سے زیادہ قیمت 12 ہزار روپے ہے۔پی سی بی نے 3 مئی کو شائقین کو فائنل میچ دیکھنے کے لیے شام ساڑھے 6 بجے تک اسٹیڈیم تک پہنچنے کی ہدایت کی تھی جبکہ میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

