Tuesday, April 28, 2026
ہوماسلام آبادسی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کا ڈی جی کی اسامیوں پرباہر سے بھرتیوں کا عمل فوری روکنے اور ادارے کے اندر سے افسران کی تعیناتی کا مطالبہ

سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کا ڈی جی کی اسامیوں پرباہر سے بھرتیوں کا عمل فوری روکنے اور ادارے کے اندر سے افسران کی تعیناتی کا مطالبہ

اسلام آباد (سب نیوز )چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی خدمت میں سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے یہ موقف واضح کیا جاتا ہے کہ سی ڈی اے سروس ریگولیشنز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کی تمام اسامیاں سو فیصد پروموشن کوٹہ کے تحت آتی ہیں۔ ان اسامیوں کو ادارے کے اپنے اہل اور تجربہ کار افسران کی ترقی کے ذریعے پر کیا جانا قانونی اور انتظامی تقاضا ہے۔
جنرل سیکرٹری سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسوسی ایشن اس امر پر زور دیتی ہے کہ سی ڈی اے کے افسران نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا بڑا حصہ ادارے کی خدمت میں صرف کیا ہے اور انہی کی شب و روز محنت کی بدولت اسلام آباد ایک مثالی اور خوبصورت دارالحکومت کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ ایسے میں ڈائریکٹر جنرل کی سطح کی اسامیوں پر بیرونی تقرریاں نہ صرف سروس اسٹرکچر کے خلاف ہیں بلکہ افسران کی حق تلفی اور ان کی حوصلہ شکنی کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔ سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن چیئرمین سی ڈی اے اور بورڈ ممبران سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ ڈائریکٹر جنرل کی اسامیوں پر کنٹریکٹ یا بیرونی بھرتیوں کے عمل کو فوری طور پر روکا جائے۔
سی ڈی اے سروس ریگولیشنز کے مطابق ان اسامیوں کو صرف ادارے کے افسران کی پروموشن کے ذریعے پر کیا جائے۔ افسران کے جائز سروس حقوق اور کیریئر پروگریشن کو یقینی بنایا جائے۔ ایسوسی ایشن کو یقین ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے اور بورڈ ممبران اس معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے افسران کے تحفظات کو دور کریں گے اور قواعد و ضوابط کے مطابق منصفانہ فیصلہ کریں گے۔سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن ادارے کی بہتری اور اسلام آباد کی ترقی کے لیے چیئرمین سی ڈی اے کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور ہر ممکن مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔

CamScanner 27 04 2026 16.26 page 0001 1
withdrawal of DG post advertisement page 0001 1
withdrawal of DG post advertisement page 0002 1

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔