پشاور(آئی پی ایس )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی موجودہ سیاسی فضا پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے بجائے غیر ضروری سیاسی سرگرمیوں اور نمائشی اقدامات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ لگتا ہے کے پی اسمبلی کا اگلا اجلاس مویشی منڈی میں ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسمبلی اجلاس پر ہونے والے اخراجات اگر جامعات کے ملازمین کی تنخواہوں پر صرف کیے جاتے تو زیادہ مفید ثابت ہوتے۔
انہوں نے کہاکہ آئینی اختیارات اپنی جگہ موجود ہیں، مگر حالیہ اجلاس کی نوعیت واضح نہیں کہ وہ حکومت کے خلاف تھا یا اسپیکر کے، کیونکہ بظاہر ایسا لگتا ہے جیسے یہ اجلاس اپنے ہی خلاف منعقد کیا گیا ہو۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے لیے ہوتے ہیں، لیکن انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔فیصل کریم کنڈی کے مطابق صوبے میں ایک سیاسی جماعت کے اندر اختلافات کھل کر سامنے آ چکے ہیں اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کرپشن کے بڑھتے رجحان پر بھی تشویش ظاہر کی اور الزام لگایا کہ کچھ عناصر تاحیات مراعات حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔انہوں نے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ غیر ضروری سیاسی مصروفیات کے بجائے عوامی فلاح اور صوبے کے مسائل کے حل پر توجہ دیں، کیونکہ محض بیانات سے حالات بہتر نہیں ہوں گے بلکہ عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
بعد ازاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا کو سرمایہ کاری، ترقی اور جدید کاروباری سرگرمیوں کے لیے موزوں خطہ قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں رئیل اسٹیٹ، ہاسنگ، سیاحت، خصوصی اقتصادی زونز اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔وہ پشاور میں پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو 2026 کے 12ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف اسٹالز کا جائزہ بھی لیا۔
اس موقع پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جنید الطاف، ہاسنگ سوسائٹیز کے نمائندگان، بلڈرز، کاروباری شخصیات اور دیگر معزز افراد بھی موجود تھے۔اپنے خطاب میں انہوں نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس ایونٹ کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں منعقد ہونے والی یہ عالمی معیار کی نمائش پاکستان کا مثبت اور متحرک تاثر دنیا کے سامنے پیش کر رہی ہے اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر اعتماد، شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ خیبرپختونخوا کی قدیم تہذیب، عوام کی کاروباری صلاحیت اور نوجوانوں کی جدت طرازی اسے معاشی ترقی کا اہم مرکز بنا سکتی ہے۔ مناسب سہولیات، ادارہ جاتی تعاون، شفافیت اور مثر منصوبہ بندی کے ذریعے صوبہ نہ صرف قومی بلکہ علاقائی معیشت میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔
