Saturday, April 25, 2026
ہومبریکنگ نیوزپاکستان نے دنیا میں اہم سنگ میل عبور کر لیا

پاکستان نے دنیا میں اہم سنگ میل عبور کر لیا

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ایٹاریکسز کے 2026 گلوبل آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ انڈیکس میں پاکستان نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 193 ممالک میں 16ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس درجہ بندی کے مطابق پاکستان دنیا کے سرفہرست 9 فیصد ممالک میں شامل ہو گیا ہے، جو ملک کے بڑھتے ہوئے ٹیکنالوجی سیکٹر اور ہنرمند افرادی قوت کی عالمی سطح پر پذیرائی کا ثبوت ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ کے مطابق پاکستان کی کارکردگی متعدد ترقی یافتہ اور ابھرتی ہوئی معیشتوں سے بہتر رہی ہے، جن میں چین (37واں نمبر)، ویتنام (32واں نمبر)، کولمبیا (31واں نمبر)، جبکہ کئی یورپی ممالک بھی شامل ہیں، جن میں جرمنی (84واں نمبر)، فرانس (73واں نمبر)، اسپین (49واں نمبر) اور برطانیہ (29واں نمبر) شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کا ٹیلنٹ اسکور 80 میں سے 100 ریکارڈ کیا گیا ہے، اور اسی معیار پر ملک عالمی سطح پر آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی یورپی یونین کے ممالک، مشرق وسطیٰ اور انڈیکس میں شامل تمام افریقی ممالک سے بہتر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکنالوجی سیکٹر مسلسل ترقی کی جانب گامزن ہے اور ملک میں اوسطاً تقریباً 20 فیصد سالانہ شرح سے اضافہ ہو رہا ہے، جو ملک کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی مضبوطی اور صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔