اسلام آباد/لاہور /کراچی ، وفاقی دارلحکومت سمیت ملک بھر میں ڈینگی وائرس سر اٹھانے لگا ،اسلام آباد میں 24گھنٹے کے دوران 17 ڈینگی کیسزسامنے آئے،پشاور میں 179،پنجاب میں131،کراچی میں 77 کیسز سامنے آ گئے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے ، شہر میں ڈینگی کے متاثرین کے اعدادوشمارکی تفصیلات سامنے آگئیں۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں24گھنٹے کے دوران 17 ڈینگی کیسزسامنے آئے، اس دوران 14کیسز دیہی،3 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔دستاویز کے مطابق اسلام آباد سے رواں سیزن میں94 ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ، جس میں دیہی علاقوں سے 67 اور شہری علاقوں سے 27 ڈینگی شامل ہیں۔اسلام آباد میں رواں سیزن میں ڈینگی سے2اموات ہو چکی ہیں، ڈینگی سے جاں بحق دونوں مریض غوری ٹان فیز 4کے رہائشی تھے۔ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ کی فوگنگ،اسپرے میں تاخیرڈینگی کے پھیلائوکا سبب بنی ہے، پمز سے1، بی بی ایچ 20، ہولی فیملی سے61کیسز سامنے آئے۔اسی طرح ڈی ایچ کیوراولپنڈی سے3، نجی پرائیوٹ سے 4 ، شفاانٹرنیشنل سے2، قائداعظم اسپتال میں 1 ڈینگی کیس کی تصدیق ہوئی۔دوسری طرف گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پشاور میں 179 اورپنجاب میں ڈینگی کے 131 مریض رپورٹ ہوئے۔کمشنر لاہور کی رپورٹ میں شہر کے ہر 206 میں سے ایک گھر میں ڈینگی کے مریض کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔علاوہ ازیں کراچی میں بھی مون سون بارشوں کے بعد ڈینگی کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، ستمبر کے پہلے 20 دنوں میں ڈینگی کے77کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں رواں سال اگست تک ڈینگی کے 1365 کیسز رپورٹ ہوئے، ڈینگی کے باعث اب تک 4 اموات ہوچکی ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے مطابق سندھ میں رواں ماہ اب تک 338 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سے کراچی ڈویژن میں 239 ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ہیں، سب سے زیادہ 83 کیسز ضلع وسطی میں رپورٹ ہوئے ہیں، ضلع شرقی میں 51،کورنگی اور ملیر میں 23- 23 ڈینگی کے کیسز سامنے آئے، ضلع جنوبی میں37 جب کہ ضلع غربی میں 21 کیسز سامنے آئے، ڈینگی سے کراچی میں 4 افراد کا انتقال ہوچکا ہے۔حکام کے مطابق ستمبر کے وسط میں ضلع مٹیاری میں 68 کیسز سامنے آئے، مٹیاری میں بروقت اقدامات سے صورتحال پر کنٹرول کرلیا گیا ہے، مٹیاری میں محکمہ صحت مچھربھگا لوشن اور مچھر دانیاں تقسیم کر رہا ہے۔ادھر میڈیا سے گفتگو میں وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا کہ ڈینگی کے اب تک 700 سے زائد مریض سامنے آچکے ہیں اور لاہور میں سب سے زیادہ ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ڈینگی کیسز میں اضافے پر پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف کاکہناہے کہ ڈینگی سے عوام کی زندگیوں کے لئے خطرات سنگین سے سنگین تر ہورہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہاکہ حکمران غافل ہیں، ڈینگی انتہائی مہلک ہے،،غفلت کا نتیجہ لوگوں کی قیمتی زندگیوں کے ضیاع کی صورت نکلے گا۔ حکومت ہمارے دور میں بنائے ہوئے ڈینگی ڈیش بورڈ سمیت دیگر طریقہ کار کو اپنا کر اس مہلک وبا سے عوام کو محفوظ بناسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی سے نمٹنے کا پورا نظام، تربیت یافتہ عملہ اور طریقہ کار موجود ہے، اگر ڈینگی بے قابو ہوا تو یہ صرف اور صرف مجرمانہ انتظامی نااہلی ہوگی۔
کورونا کی شدت کم ہوتے ہی اسلام آباد سمیت ملک بھر میںڈینگی نے سر اٹھا لیا ، سینکڑوں کیس رپورٹ ، 2اموات
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
