نئی دہلی (آئی پی ایس )بھارتی آئل ریفائنریز امریکی پابندیوں میں دی گئی عارضی رعایت کے تحت خریدے گئے ایرانی تیل کی ادائیگیاں ممبئی میں قائم آئی سی آئی سی آئی بینک کے ذریعے چینی یوآن میں کر رہی ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے چار باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ماہ امریکا نے روسی اور ایرانی تیل کی خریداری کے لیے 30 روزہ رعایت دی تھی تاکہ جنگ کے باعث بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کو کم کیا جا سکے۔
رائٹرز کے مطابق ایران پر طویل عرصے سے عائد پابندیوں کے باعث ادائیگی کے طریقہ کار میں مشکلات نے کئی ممکنہ خریداروں کو ایرانی تیل خریدنے سے روکے رکھا۔ رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں بھارت کی سرکاری کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے تقریبا 20 کروڑ ڈالر مالیت کا تقریبا 20 لاکھ بیرل ایرانی خام تیل خریدا جو سات سال بعد بھارت کی ایرانی تیل کی پہلی باضابطہ خریداری تھی۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے نجی ریفائنری ریلائنس انڈسٹریز کے لیے ایرانی تیل لے جانے والے چار جہازوں کو لنگر انداز ہونے کی اجازت بھی دی۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ریفائنریز ادائیگیوں کے لیے آئی سی آئی سی آئی بینک کا استعمال کر رہی ہیں جو اپنی شنگھائی برانچ کے ذریعے چینی یوآن میں رقم فروخت کنندگان کے اکانٹس میں منتقل کر رہا ہے تاہم فروخت کنندگان کی شناخت معلوم نہیں ہو سکی۔
