اسلام آباد(سب نیوز)چیف آفیسر میونسپل سروسز اسلام آباد ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا ہے کہ شفافیت، ڈیجیٹلائزیشن اور اسٹیک ہولڈرز کی مثر شمولیت بہتر شہری خدمات اور گڈ گورننس کے لیے ناگزیر ہیں۔ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں، جس کا انعقاد انہیں ملک کے اعلی سول اعزاز تمغہ امتیاز سے نوازے جانے کی خوشی میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے تاجر برادری کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی آئی نے عوامی مشکلات کم کرنے اور انسانی مداخلت کے خاتمے کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پارکنگ پرمٹس، جنریٹر لائسنسز، اوپن اسپیس پرمٹس اور مختلف فیسوں کی وصولی سمیت متعدد خدمات کو آن لائن کر دیا گیا ہے، جس سے شہری اور کاروباری حضرات دفاتر کے چکر لگائے بغیر اپنی ضروری کارروائیاں مکمل کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ ان کا ادارہ بالخصوص انسدادِ تجاوزات کارروائیوں کے دوران باوقار اور مہذب طرزِ عمل کو فروغ دیتا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیدائش اور وفات کے اندراج کی خدمات کو بھی ڈیجیٹل نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی ماحولیاتی بہتری، نالوں کی بحالی، آبی وسائل کے تحفظ اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پارکنگ، مارکیٹوں، صنعتی علاقوں اور دیگر شہری مسائل کے حل کے لیے تاجر برادری سے مسلسل مشاورت جاری رکھی جائے گی اور ان امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تاجروں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کا تعاون شہری اصلاحات اور انفراسٹرکچر کی بہتری میں نہایت اہم رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایم سی آئی عوام کے لیے ایک جوابدہ، قابلِ رسائی اور خدمت گزار ادارے کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گی۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے ڈاکٹر انعم فاطمہ کو تمغ امتیاز حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی شاندار عوامی خدمات، دیانتداری اور اسلام آباد کی ترقی کے لیے غیر معمولی کاوشوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر انعم فاطمہ کی قیادت میں بلدیاتی انتظامیہ میں پیشہ ورانہ مہارت، شفافیت اور عوامی خدمت کا ایک نیا کلچر فروغ پایا ہے جس سے شہریوں اور کاروباری برادری دونوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ایم سی آئی کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ کامران بخت نے کہا کہ مشاورتی طرزِ عمل نے ایم سی آئی اور کاروباری برادری کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنایا ہے اور دیرینہ شہری و انتظامی مسائل کے پائیدار حل تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ ڈاکٹر انعم فاطمہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عوام دوست رویے اور انتھک محنت سے عوامی خدمت کی ایک مثالی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی خدمات کی جدید خطوط پر استواری اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے نے کاروباری برادری اور شہری انتظامیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے کہا کہ ڈاکٹر انعم فاطمہ کو تمغ امتیاز ملنا اسلام آباد کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ ان کی نمایاں خدمات کا قومی اعتراف ہے۔ انہوں نے تاجروں اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کی رسائی، مثبت رویے اور تعاون کو سراہا۔اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر ثمینہ فاضل نے ڈاکٹر انعم فاطمہ کو اس اعلی قومی اعزاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خواتین کاروباری شخصیات کی حوصلہ افزائی اور جامع معاشی ترقی کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر انعم فاطمہ کی کامیابیاں ملک بھر کی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔اس موقع پر اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے ڈاکٹر انعم فاطمہ کو تمغ امتیاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور اپنی اپنی مارکیٹوں کے مسائل ان کی توجہ میں لاتے ہوئے ان کے جلد حل کی درخواست کی۔ تقریب کی نظامت آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے کی۔تقریب میں آئی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین راحیل انور بٹ، وسیم چوہدری، اسحاق سیال، عبدالرحمن صدیقی، ملک عبدالعزیز، راجہ محمد نوید ستی، ذوالقرنین عباسی، فاطمہ عظیم، عمر خیام عباسی سمیت تاجر رہنماں یوسف راجپوت، کامران کاکاخیل، وسیم عباسی، احمد خان، چوہدری وحید چیمہ، عجب خان، عظمی شیراز، راجہ ذوالفقار اور دیگر شخصیات نے شرکت کی اور ڈاکٹر انعم فاطمہ کو تمغ امتیاز کے حصول پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوامی خدمت اور شہری ترقی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

