لندن(آئی پی ایس )انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن دورہ پاکستان ملتوی کرنے پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ(ای سی بی)پر برس پڑے ۔ سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ کورونا وبا عروج پر تھی اس وقت پاکستان ان ٹیموں میں شامل تھی جنہوں نے انگلینڈ کا دورہ کیا اور بورڈ کو مالی تباہی سے بچایا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کہا ہے کہ انگلینڈ کا پاکستان کا دورہ ملتوی کرنا ایک غلط فیصلہ ہے۔مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا واجب الادا قرض اتارنے میں کوتاہی برتی ہے ،دورہ منسوخ کرنے کی وجہ سیکیورٹی تھریٹ کو قرار دینا تو سمجھ آتا ہے لیکن کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کی تھکاوٹ کا حوالہ دینا محض ایک بہانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ای سی بی کو یاد رکھنا چاہیئے تھا کہ گزشتہ موسم گرما کے دوران جب برطانیہ میں کورونا وبا عروج پر تھی اس وقت پاکستان ان ٹیموں میں شامل تھی جنہوں نے انگلینڈ کا دورہ کیا اور بورڈ کو مالی تباہی سے بچایا۔مائیکل ایتھرٹن کا مزیدکہنا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان کی آمد کے وقت اس ملک میں کوویڈ کی شرح اموات دنیا میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ تھی جو پاکستان میں شرح سے 150 گنا زیادہ ہے۔سابق انگلش کپتان نے کہا کہ پاکستان میں غصے کا احساس قابل فہم ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین رمیز راجہ پہلے ہی انگلینڈ کے اچانک انخلا سے سخت سبق سیکھنے کی بات کر چکے ہیں۔
انگلینڈ پاکستان کا قرض نہیں اتارسکا،سابق انگلش کپتان اپنے کرکٹ بورڈ پر برہم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
