راولپنڈی(سب نیوز )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ایران امریکا مذاکرات کیلیے جس نے جو کردار ادا کیا ہم سراہتے ہیں، ہم نے بطور جماعت پاکستان کے کردار کو بھرپور سپورٹ کیا۔چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان کی آواز لگتی ہے ہم ملک و قوم کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، سفارتی سطح پر پاکستان کو ملنے والے عزت کو ہم نے ویلکم کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان دنیا کے امن کے لیے بہترین کردار ادا کر رہا ہے، ہم نے جلسہ منسوخ کیا، پاکستان کے کردار کو سیلیبریٹ کیا، ایران امریکا مذاکرات کیلیے جس نے جو کردار ادا کیا ہم سراہتے ہیں۔چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ایران امریکا مذاکرات میں بریک تھرو نہیں ہوا،بریک ڈان بھی نہیں ہوا، امید ہے اگلے مذاکراتی دور میں عارضی سیز فائر مستقل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات پر ہمارا بیانیہ کلیئر ہے، ہم ملک کی خوشی کے ساتھ ہیں، اگر آپ دنیا میں سیز فائر کراتے ہیں تو اپنوں میں بھی سیز فائر ہونا چاہیے ، یہ کونسی صلح پسندی ہے دوسروں کی صلح کرائیں اور آپس میں لڑیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عالمی استحکام کے لیے داخلی استحکام بھی ضروری ہے۔کیسے ممکن ہے اتنے بڑے لیڈر سے ملاقات نہ کرنے دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے فی الوقت کسی سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے، امید ہے حکومت کے ساتھ ایک ڈیڑھ ماہ تک بات چیت کو سلسلہ چل پڑے گا، حکومت سے بات چیت کا اختیار محمود اچکزئی کے پاس ہے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین شپ امانت ہے، جب بانی پی ٹی آئی کہیں گے چھوڑ دوں گا۔
