اسلام آباد(آئی پی ایس ) وزیر دفاع خواجہ آصف سے ترکیہ کے وائس چیف آف جنرل اسٹاف جنرل لیونت ارگن نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی و عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے دفاع، عسکری تربیت اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے پاک ترک تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اشتراک سے نہ صرف دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ باہمی اعتماد بھی مضبوط ہو رہا ہے۔اس موقع پر فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری مزید مستحکم ہو سکے۔
