اسلام آباد، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے اور رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے حلقے میں تاریخی ترقیاتی کام کروائے ہیں، کئی عشروں سے نظر انداز علاقوں میں بھی ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے ، ہم آنے والے بلدیاتی انتخابات میں اپنی کارکردگی بنیاد پر حصہ لیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 53 میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد عوامی رابطہ کمیٹی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں ہم نے ہر یونین کونسل میں مقامی نمائندوں کو ساتھ ملا کر کام کروائے ہیں تاکہ ہمیں ہر علاقے کے مقامی مسائل کا پتہ چل سکے ، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے حلقے کی ہر یونین کونسل میں کام کروائے بری امام نورپور شاہاں میں گیس کی فراہمی ہو یا پل کی تعمیر اور سڑکوں کی کارپٹنگ، سوہان میں مرکزی سڑک کی تعمیر ہو یا ہماری آخری یونین کونسل پھلگراں میں 27 کروڑ روپے کی لاگت سے گیس کی فراہمی، ہم نے پورے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ہے ، علی نواز اعوان نے کہا کہ کئی سالوں بعد پہلا موسم گرما گزرا ہے جس کے دوران مجھے حلقے سے پانی کی کمی شکایت موصول نہیں ہوئی ، انہوں نے عوامی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے کہا کہ آپ کھل کر عوامی خدمت کے کام کریں اگر آپ کی نیت ٹھیک ہے تو اللہ عزت بھی دیتا ہے انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کی تیاری کریں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ سے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتے ہیں اور ہم بہت جلد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کروانے جارہے ہیں، انہوں نے عوامی رابطہ کمیٹی کے عہدیداروں کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کی ہدایت کی اس موقع پر رہنما تحریک انصاف و سیکرٹری عوامی رابطہ کمیٹی اسلام آباد راجہ شیراز کیانی، عوامی رابطہ کمیٹی این اے 53 کے کنوینئر انجم شہزاد تنولی، سیکرٹری عوامی رابطہ کمیٹی این اے 53 طارق دلدار ، سابق اپوزیشن لیڈرز ایم سی آئی ملک عامر علی ، میڈم منیرہ جاوید اور مینارٹی لیڈر تنویر بھٹی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، اجلاس میں این اے 53 حلقے کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
این اے 53میں اربوں روپے کے تاریخی ترقیاتی کام کروائے، علی نواز اعوان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
