ہوماسلام آبادگلگت بلتستان نیو ز پیپرز سوسائٹی کا اجلاس :اخبارات کے ساتھ غیر منصفانہ رویے پر سخت تحفظات کا اظہار

گلگت بلتستان نیو ز پیپرز سوسائٹی کا اجلاس :اخبارات کے ساتھ غیر منصفانہ رویے پر سخت تحفظات کا اظہار

گلگت (آئی پی ایس )گلگت بلتستان نیو ز پیپرز سوسائٹی کا اجلاس عامر جان سرور کی زیر صدارت منعقد ہوا ، اجلاس میں محکمہ اطلاعات کی جانب سے اخبارات کے ساتھ روا غیر منصفانہ رویے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر عامر جان سرور نے کہا کہ محکمہ اطلاعات میں مداخلت کی وجہ سے گلگت بلتستان کی اخباری صنعت تباہی کے دھانے پر کھڑی ہے، بعض اخبارات کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات نے اخباری صنعت کو نقصان پہنچایا ہے جس میں محکمہ اطلاعات ان اخبارات کا بھر پور دفاع کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ایڈوٹائزنگ پالیسی کے مطابق کوئی بھی محکمہ کا سر براہ اشتہار کیلئے کسی بھی اخبار کا نام نہیں لے سکتا لیکن غیر قانونی طور پر محکمہ اطلاعات اس طرح کے غیر قانونی جواز بنا کر گلگت بلتستان کے باقی اخباروں کا معاشی قتل کر رہا ہے جو کسی بھی صورت قبول نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے جی بی این ایس کے مطالبے پر جون2021 میں سابقہ بقایا جات کی ادائیگی کیلئے فنڈز دیئے جو کہ ڈبل پیمنٹ کے بلات منظر عام پر آنے کی وجہ سے ادا نہ ہو سکے۔ لہذا وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے جن اخبارات کی ایک سے زیادہ ادائیگیاں ہوئی ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے باقی اخبارات کی ادائیگی کو ممکن بنائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سر پرست اعلی احمد ندیم خان نے کہا کہ ہم نے بار ہا محکمہ اطلاعات کو آگاہ کیا کہ اشتہارات کو منصفانہ بنیادوں پر تقسیم کیا جائے تاکہ گلگت بلتستان میں میڈیا کی صنعت پروان چڑھ سکے اور گلگت بلتستان کی حقیقی معنوں میں آواز بن سکے لیکن اخباری انڈسٹری اقربا پروری اور سفارشوں کی بھینٹ چڑھ رہی ہے جس کو ہم اپنا معاشی قتل تصور کرتے ہوئے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر منظور حسین شاہ، سینئر نائب صدر شاہد حسین، جنرل سیکرٹری گوہر ایوب، شیخ عامر حسین، نائب صدر کامل جان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری امان بونجوی ، ترجمان جی بی این ایس امتیاز گلاب بگورو اوروجاہت علی نے تائید کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں چھوٹی سی انڈسٹری ہے جس میں بھی پسند نا پسند کا سلسلہ چلایا جا رہا ہے جس سے باقی اخبارات کو ملازموں کی تنخواہ دینے کی گنجائش بھی نہیں رہتی ہے ۔ لہذا محکمہ اطلاعات کو ایک منظم انداز میں چلایا جائے بصورت دیگر اپنے حقوق کے تحفظ کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جی بی این ایس کے ممبر اخبارات کے مفادات کے تحفظ کیلئے چارٹر آف ڈیمانڈ صوبائی حکومت کو پیش کیا جائے گا جس کے مکمل طور پر منظور ہونے تک اشتہاری مہم چلائی جائے گی۔ چارٹر آف ڈیمانڈ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ اطلاعات میں ایک سے زائد ادائیگیوں کے جو بل سامنے آئے ہیں ذمہ داروں اور متعلقہ اخبارات کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیر سیاحت و ثقافت راجہ ناصر کی اقربا پروری ،محکمہ میں اپنے بھائی کو نوازنے کیلئے دبائوں کی وجہ سے میڈیا صنعت تباہی کے دہانے پر ہے، کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مداخلت ختم کی جائے۔ زیادہ ریٹ والے اخبارات کو بے تحاشہ نوازشات کے ذریعے ایک طرف دیگر اخبارات کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف قومی خزانہ کو سالانہ کروڑوں کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ جس پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ میڈیا پالیسی کے مطابق کوئی بھی محکمہ اخبار کی فرمائش نہیں کر سکتا،محکمہ اطلاعات کھلے عام یہی جواز بنا کر میڈیا انڈسٹری کو تباہ کر رہا ہے جبکہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژ ن چھوٹے طبقے کو اٹھانے کے خلاف یکطرفہ نوازشات کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے، جس کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ پی پی آ ر اے بل گلگت بلتستان اسمبلی میں پیش ہو چکا ہے، اشتہارت کی تقسیم کے حوالے سے اس بل میں میڈیا پالیسی کو تحفظ دیا جائے جبکہ میڈیا پالیسی پر جی بی این ایس کے تحفظات کو دور کیا جائے۔ مشاورت کے بغیر کوئی بھی اقدام گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی اپنے مفادات کے خلاف تصور کر کے تحریک چلائے گی، جس کی ذمہ داری متعلقہ محکمے کی ہو گی۔ وزیر اعلی معائنہ کمیشن کی جانب سے گزشتہ ماہ بوگھس ادائیگیوں کے حوالے سے جو رپورٹ پیش کی گئی ہے اس کو سامنے لایا جائے اور کارروائی سے آگاہ کیا جائے۔ وزیر اعلی معائنہ کمیشن، نیشنل اکائونٹی بیلٹی بیورو، ایف آئی اے محکمہ اطلاعات سے ہونے والے اخبارات کو ڈبل ادائیگیوں کے خلاف تحقیقات کر کے ملوث افراد کو سزا دی جائے۔ گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی اس اقدام کو سراہے گی۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی ذاتی کوششوں سے اخبارات کے سابقہ بقایا جات کی ادائیگی کیلئے جون 2021 کو فنڈز دیئے گئے، بوگھس بلات سامنے آنے کی وجہ سے وہ اخبارات بھی متاثر ہوئے جن کے بلات درست تھے،لہذا فوری طور پر بوگھس ادائیگیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان اخبارات کی ادئیگی یقینی بنائی جائے جن کے بلات درست ہیں۔گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی تمام مطالبات کے حل ہونے تک روزانہ کی بنیاد پر اشتہاری مہم جاری رکھے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔