Tuesday, March 24, 2026
ہومتازہ تریناسلام آباد میں ایران اور امریکا کے مذاکرات ہوں گے،روئٹرز کا دعویٰ

اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے مذاکرات ہوں گے،روئٹرز کا دعویٰ

امریکا اور ایران کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں متوقع ہے، جسے خطے کی سفارتی سرگرمیوں میں بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ایران کی مذاکراتی ٹیم کی قیادت ممکنہ طور پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر غالیباف کریں گے جبکہ امکان ہے کہ امریکی مذاکراتی ٹیم نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں آئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز نے امریکی ویب میگزین ایکزیوس کے رپورٹر بارک روید کی سوشل میڈیا پوسٹ کے حوالے سے خبر دی کہ امریکا اور ایران مذاکرات پاکستان ترکیے اور مصر کی سہولت کاری میں ہوئے ہیں۔
بارک روید نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان، ترکیے اور مصر کے حکام کوششیں کر رہے ہیں، یہ تینوں ممالک امریکا اور ایران کے حکام سے رابطے کر کے ان کے درمیان پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ مصالحت کروانے والے ملک چاہتے ہیں کہ اس ہفتے اسلام آباد میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کوشنر کی ایرانی اسپیکر باقر غالیباف کی قیادت میں ایک ایرانی وفد سے ملاقات کروائی جائے۔
وزیراعظم کا ایرانی صدر سے رابطہ، ہمسایہ ملک میں کشیدگی میں کمی پر زور، عید کی مبارکباد
اس سے پہلے بارک روید کی ابتدائی پوسٹ کے مطابق ترکیے، مصر اور پاکستان کے حکام نے اسٹیو وٹکوف اور عباس عراقچی سے الگ الگ پیغامات کا تبادلہ کیا۔
بارک روید نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے مزید لکھا کہ اسرائیلی حکام اس بات سے تو باخبر ہیں کہ کئی ممالک ایران اور امریکا میں بات چیت کے لیے کوشاں ہیں، لیکن وہ ٹرمپ کے ان الفاظ پر حیران ہیں کہ ان رابطوں میں پیشرفت ہو رہی ہے اور 15 نکات پر بظاہر اتفاق بھی ہوچکا ہے۔
اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے مذاکرات ہوں گے؟ اسرائیلی میڈیا نے بڑا انکشاف کر دیا
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات رواں ہفتے کے آخر میں اسلام آباد میں ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے دعوے کے مطابق بات چیت ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جہاں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندے آمنے سامنے بیٹھ سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ممکنہ ملاقات خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کی ایک بڑی کوشش ہو سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران کی نمائندگی محمد باقر قالیباف سمیت دیگر اعلیٰ حکام کر سکتے ہیں، جبکہ امریکی وفد میں اسٹیو وٹکوف، جیراڈ کشنر اور نائب صدر جے ڈی وینس کی شرکت متوقع بتائی جا رہی ہے۔
ایک امریکی صحافی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا کہ ترکی، پاکستان اور مصر پسِ پردہ سفارتی رابطوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں تاکہ کسی ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق مصر اور پاکستان کے اعلیٰ حکام نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی نمائندہ اسٹیو وٹکوف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں جبکہ بات چیت کا محور جنگ کے خاتمے اور دیگر متنازع امور کا حل بتایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اشارہ دے چکے ہیں کہ ایران کے ساتھ رابطے جاری ہیں اور امکان ہے کہ جلد کوئی پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔