اسلام آباد (سب نیوز) صدرِ مملکت آصف زرداری نے وفاقی وزرا کو خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو کم سے کم رکھا جائے تاکہ عام آدمی کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
وفاقی وزرا محسن نقوی، محمد اورنگزیب اور علی پرویز ملک نے بھٹو ہاؤس نو ڈیرو میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ملک میں امن و امان، معیشت، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدر کو ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سرحدی سلامتی کی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ پاک افغان کشیدگی اور علاقائی سیکیورٹی چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے معاشی اشاریوں، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی بریفنگ دی۔
صدرِ مملکت نے ہدایت کی کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو کم سے کم رکھا جائے۔
ملاقات میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، مرکزی صدر پی پی پی ویمن ونگ فریال تالپور اور صوبائی وزیر سندھ سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔
معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے، صدر مملکت کی وفاقی وزرا کو ہدایت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
