Tuesday, March 17, 2026
ہومپاکستانروانڈا کی ہائی کمشنر کی وفاقی وزیر انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

روانڈا کی ہائی کمشنر کی وفاقی وزیر انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز)جمہوریہ روانڈا کی ہائی کمشنر برائے پاکستان، فاتحو ہاریریمانا، نے اپنے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کیا، جس میں صنفی ترقی، خاندانی بہبود اور بچوں کی نشوونما سے متعلق شعبہ جات شامل ہیں۔ اس میں مشترکہ اقدامات، تبادلہ پروگرامز اور استعداد کار میں اضافے کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔

یہ مفاہمتی یادداشت کگالی میں دستخط کی گئی، جو پاکستان اور روانڈا کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، خصوصا صنفی مساوات، خواتین کو بااختیار بنانے، خاندانی تحفظ اور بچوں کی ترقی کے شعبوں میں۔ہائی کمشنر نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے صنفی مساوات کے فروغ، خواتین و بچوں کے تحفظ اور انسانی حقوق کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے میں ہونے والی پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے لیے مزید تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔دونوں جانب سے ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں علم کے تبادلے، تکنیکی اشتراک اور بہترین طریقہ کار سے استفادہ شامل ہے، خصوصا خواتین کی سیاسی شرکت اور صنفی مساوات کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے۔ روانڈا کی جانب سے صنفی مساوات کے فروغ میں اپنے تجربات اور پیش رفت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔