Monday, March 16, 2026
ہومپاکستانبلوچستان میں قیام امن کیلئے فیڈرل کانسٹیبلری کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

بلوچستان میں قیام امن کیلئے فیڈرل کانسٹیبلری کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ(سب نیوز)بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی و صوبائی اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی جس میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، افغان مہاجرین کی واپسی، حوالہ ہنڈی اور بھتہ خوری، سمگلنگ کے خاتمے سمیت اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دوسری جانب دورانِ اجلاس یہ بھی فیصلہ ہوا کہ پہلے مرحلے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 2 ونگز پر مشتمل تقریبا 3 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں وفاقی و صوبائی اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی جس میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، افغان مہاجرین کی واپسی، حوالہ ہنڈی اور بھتہ خوری، اسمگلنگ کے خاتمے سمیت اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اور آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نے متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔اجلاس میں بلوچستان میں ایف آئی اے کو مزید فعال بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور تمام خالی اسامیوں پر مقامی افراد کی بھرتی کی جائے گی۔
وفاقی اور صوبائی حکومت نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا جبکہ ریاست کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔اس موقعے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ بلوچستان کے حالات سے مکمل آگاہ ہیں اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن معاونت جاری رکھی جائے گی۔
وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوت اور عزم کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ روز اول واضح کر چکے ہیں کہ ریاست کی عمل داری ہر صورت یقینی بنائیں گے اور آج بلوچستان کی کوئی شاہراہ احتجاج کے نام پر بند نہیں ہوتی۔وزیر اعلی بلوچستان نے بحالی امن کے لیے وفاقی حکومت کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی کے ذریعے دہشتگردی کو شکست دی جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔