اسلام آباد(سب نیوز)سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی ساتویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو عزت کے ساتھ امن کا خواہاں ہے۔
سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ سات سال قبل دشمن نے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا اور ہمیشہ کی طرح جھوٹے بیانیے پر مبنی اپنے اندازے میں ہماری صلاحیت اور عزم کا غلط اندازہ لگایا۔ دشمن ہمارے پختہ عزم، جذبہ قربانی اور بے مثال حوصلے سے بے خبر ہو کر رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ آور ہوا۔ دن کی روشنی میں نپی تلی اور موثر کارروائی کے ذریعے ہم نے عددی برتری رکھنے والے دشمن کے خلاف اپنی دفاعی قوت کا مظاہرہ کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پیچیدہ عالمی و علاقائی ماحول اور جنگ کے تیزی سے بدلتے رجحانات کے پیش نظر مالی مشکلات کے باوجود پی اے ایف نے مارچ 2021 سے ایک جامع جدت طرازی اور مقامی سطح پر تیاری کے سفر کا آغاز کیا اور اسے بھرپور انداز میں جاری رکھا تاکہ پاک فضائیہ کو نیکسٹ جنریشن ایئر فورس میں تبدیل کیا جا سکے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پی اے ایف نے جدید جنگ کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اپنی آپریشنل ڈاکٹرائن کو فوری طور پر ازسرنو ترتیب دیا اور کم سے کم وقت میں جدید ترین حربی اور معاون صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ خصوصی نوعیت کی ٹیکنالوجیز کو شامل اور فعال کیا۔
ایئر چیف نے مزید کہا کہ پی اے ایف نے ریکارڈ وقت میں مقامی طور پر تیار کردہ بغیر پائلٹ فضائی نظام، الیکٹرانک وارفیئر، خلائی اور سائبر وسائل کے استعمال سے ایک منفرد مقامی کل چین تیار کی جس کے نتیجے میں مربوط کثیر جہتی آپریشنل صلاحیتیں مضبوط ہوئیں۔معرکہ حق کے دوران پاک فضائیہ کے جامع اور متوازن ردعمل کو اجاگر کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ جب مئی 2025 کے ابتدائی لمحات میں جارح دشمن نے ایک بار پھر ہماری خودمختاری کو چیلنج کیا تو ہمارا جواب دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ حیران کن تھا۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پی اے ایف نے مکمل دائرہ کار پر مبنی کثیر جہتی آپریشنز انجام دیے جو نہایت منظم اور بے نقص طریقے سے مکمل کیے گئے، جس کے نتیجے میں دشمن کو فیصلہ کن شکست ہوئی اور اس کے کئی جدید ترین پلیٹ فارمز جن میں متعدد رافیل طیارے، ایس یو-30 ایم کے آئی، میراج-2000، مگ-29 اور بغیر پائلٹ فضائی نظام شامل تھے، مار گرائے گئے۔
ایئر چیف نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے علاقے کے اندر گہرائی تک جا کر بیسز اور زمینی اثاثوں کو بھی نشانہ بنایا، جبکہ جدید ترین ایس-400 فضائی دفاعی نظام اور ان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو بھی ناکارہ بنایا۔ آخر میں سر براہ پاک فضائیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایئر فورس اپنے بہادر اور ثابت قدم عوام کی توقعات پر پورا اترے گی اور ہمیشہ اس عظیم قوم کے لیے فخر کی علامت بنے رہے گی۔
پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو عزت کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
