کراچی:(آئی پی ایس) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا وفد اہم دورے پر پاکستان پہنچ گیا اور اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقات بھی کی۔
ملاقات کے دوران آئی ایم ایف حکام کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے معاشی کارکردگی اور ڈیٹا پر بریفنگ دی جائے گی۔
آئی ایم ایف کے ساتھ پہلے مرحلے میں ٹیکنیکل ڈیٹا شیئرنگ ہوگی، مذاکرات میں آئی ایم ایف وفد کو جولائی تا جنوری معاشی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ڈیٹا شیئرنگ سیشن کے دوران آئی ایم ایف مشن اور اسٹیٹ بینک کے ماہرین کے درمیان زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ان سیشنز میں مانیٹری پالیسی، افراطِ زر، بینکنگ ریگولیشنز اور دیگر اہم معاشی معاملات پر تکنیکی سطح پر مذاکرات بھی متوقع ہیں۔
آئی ایم ایف نے 30 جون تک اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 17.8 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک ماہرین آئی ایم ایف کو پالیسی ریٹ، اینٹی ٹیررفنانسنگ، اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔
دورے کا مقصد 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت تیسرے اقتصادی جائزہ ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وفد 1.1 ارب ڈالر کے لچک اور پائیداری کی سہولت (RSF) کے تحت دوسرے جائزے کے لیے موجود ہے۔
