Sunday, February 22, 2026
ہومتازہ ترینچھٹا بین الاقوامی طلبہ کنونشن و ایکسپو 2026، اسلام آباد میں 4 تا 6 مئی کو منعقد ہوگا

چھٹا بین الاقوامی طلبہ کنونشن و ایکسپو 2026، اسلام آباد میں 4 تا 6 مئی کو منعقد ہوگا

اسلام آباد(آئی پی ایس) اسلام آباد میں 4 سے 6 مئی 2026 تک 6واں بین الاقوامی طلبہ کنونشن و ایکسپو منعقد کیا جائے گا۔ لاہور، کراچی، شمالی سندھ اور فیصل آباد میں پانچ کامیاب ایڈیشنز کے انعقاد کے بعد یہ چھٹا ایڈیشن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس میں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے ہزاروں طلبہ، جامعات، ماہرینِ تعلیم، محققین، صنعتی ادارے اور وائس چانسلرز شرکت کریں گے۔ یہ تین روزہ عالمی نوعیت کا ایونٹ نوجوانوں کو تعلیمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ہوگا۔
چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اس عظیم الشان پروگرام کی سرپرستی قبول کرتے ہوئے اسلام آباد کلب میں منعقدہ باوقار تقریب کے دوران کیک کاٹ کر کنونشن و ایکسپو کا باضابطہ افتتاح کیا۔ تقریب میں سفرا، سفارتی نمائندگان، وائس چانسلرز، صنعتکاروں اور ممتاز تعلیمی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


کنونشن و ایکسپو میں 150 سے زائد جامعات اور اداروں کی شرکت جبکہ 30 ہزار سے زائد طلبہ کی آمد متوقع ہے۔ پروگرام میں طلبہ مقابلہ جات، جدت پر مبنی منصوبہ جات کی نمائش، صنعتی اسٹالز، کیریئر گائیڈنس سیشنز، تعلیمی و تحقیقی پریزنٹیشنز، ثقافتی سرگرمیاں اور مختلف کھیلوں کے مقابلے شامل ہوں گے۔

نمائش میں لیائل پور انڈسٹریل پویلین کے ساتھ تعلیمی، سیاحتی اور سفارتی پویلین بھی قائم کیے جائیں گے۔
طلبہ مقابلہ جات اور ورکشاپس قائدِاعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہوں گی، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے دیگر تعلیمی و تحقیقی ادارے مختلف متعلقہ سرگرمیوں کی میزبانی کریں گے، جن میں سیمینارز، پینل ڈسکشنز اور خصوصی تعلیمی سیشنز شامل ہوں گے۔
کھیلوں کی سرگرمیوں کے سلسلے میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں 5 تا 15 مئی 2026 بین الاقوامی ہینڈ بال ریفریز تربیتی و اسناد کورس منعقد ہوگا، جس میں مختلف ممالک سے شرکاء شرکت کریں گے۔ بعد ازاں 17 تا 22 مئی 2026 بین الاقوامی ہینڈ بال ٹورنامنٹ بھی اسی جامعہ میں منعقد کیا جائے گا، جس میں قومی اور بین الاقوامی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
یہ کنونشن و ایکسپو نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، تخلیقی سوچ اور قیادت کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے، تعلیمی و صنعتی روابط کو مضبوط بنانے، کھیلوں کے عالمی تعلقات کو فروغ دینے اور بین الاقوامی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ایک جامع اور مؤثر کاوش ہے، جو ملکی و عالمی سطح پر تعلیمی ہم آہنگی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔