راولپنڈی (سب نیوز)پاک بحریہ کے جہاز خیبر کا ترک بحریہ کے ساتھ دو طرفہ بحری مشق ترگیٹریز میں شرکت ،پاک بحریہ کے حال ہی میں کمیشن ہونے والے جدید ترین جہاز خیبر نے ترکیہ سے پاکستان کے اپنے پہلے سفر کے دوران ترکیہ کے اکساز نیول بیس کا دورہ کیا اور ترک بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ بحری مشق ترگیٹریزاور مشترکہ گشت میں شرکت کی۔
اکساز میں قیام کے دوران، پی این ایس خیبر کے کمانڈنگ آفسر نے ترک سدرن سی ایریا کمانڈر، وائس ایڈمرل رافت اوکتار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ بحری تعاون کو بڑھانے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے علاقائی استحکام کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں، سدرن سی ایریا کمانڈر وائس ایڈمرل رافت اوکتار اور کمانڈر اکساز نیول بیس ریئر ایڈمرل حمدی ابانوز نے دیگر ترک بحریہ کے افسران کے ہمراہ پی این ایس خیبر کا دورہ کیا۔ بندرگاہ کے دورے کے بعد، پی این ایس خیبر نے ترک بحریہ کے جہاز اورایس ایچ 70 ہیلی کاپٹر کے ساتھ دو طرفہ بحری مشق ترگیٹریز میں شرکت کی۔ اس مشق میں مختلف نوعیت کے بحری آپریشنز کی مشق کی گئی جس کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانا تھا۔ مشق کے اختتام پر پی این ایس خیبر اور ترک بحریہ کے جہاز نے مشرقی بحیرہ روم میں مشترکہ گشت بھی کیا۔دو طرفہ مشقوں کا کامیاب انعقاد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پائیدار شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
