اسلام آباد (سب نیوز) ڈپٹی وزیرِاعظم/وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کے روز وزارتِ خارجہ میں انڈونیشیا کے وزیر برائے سرمایہ کاری و ڈاؤن اسٹریم انڈسٹری اور انڈونیشیا کے خودمختار ویلتھ فنڈ (دانانتارا) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، روزان روسلانی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ممکنہ اشتراکی مواقع اور باہمی مفاد پر مبنی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں خودمختار ویلتھ فنڈ کے ماڈلز سے متعلق خیالات کا تبادلہ بھی شامل تھا۔ فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری کو دوطرفہ تعاون کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
