اسلام آباد(آئی پی ایس )جاپان کی حکومت نے اپنے گرانٹ اسسٹنس فار گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پروجیکٹس پروگرام کے تحت، ڈسٹرکٹ چکوال، پنجاب اور ڈسٹرکٹ مانسہرہ، خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے دو این جی اوز کو 85429 ڈالر(23.9ملین روپے)کی گرانٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گرانٹ کے معاہدوں پر جاپان کے سفیر، جناب اکاماتسو شوئیچی اور دو ان جی اوز کے نمائندوں نے 3 فروری 2026 کو اسلام آباد میں جاپان کے سفارت خانے میں دستخط کیے۔ان دو ان جی اوز میں بن قطب فانڈیشن اور سائیبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن شامل ہیں۔ بن قطب فانڈیشن کو ڈسٹرکٹ چکوال کے دیہی علاقے میں بیگم نور میموریل ہسپتال میں زچگی اور بچوں کی صحت کے مرکز کی تعمیر کیلئے 55230 ڈالر (15.5ملین روپے)کی گرانٹ دی جائے گی۔
سائیبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کو خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ مانسہرہ کے ویلج مکرریہ میں ایک لنک روڈ کی بہتری کے لئے 30199 ڈالر( 8.4 ملین روپے) کی گرانٹ دی جائے گی۔دستخط کی تقریب میں، سفیر اکاماتسو شوئیچی نے زور دیا کہ جاپان نے پاکستان کے ساتھ دہائیوں سے صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی ترقی جیسے بنیادی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مل کر کام کیا ہے۔
