Sunday, February 1, 2026
ہومپاکستانپاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر7سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کردیا

پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر7سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کردیا

لاہور (آئی پی ایس )تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں111رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 7 سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کرلیا ۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 207 رنز بنائے جو کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 10، صائم ایوب نے 50، کپتان سلمان علی آغا نے 5، اور خواجہ نافع نے 21 رنز اسکور کیے۔ ان کے علاوہ بابر اعظم نے 50 اور شاداب خان نے 46 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے بین وارشوس نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں مہمان ٹیم 9وکٹ پر 96 رنز بناسکی، آسٹریلوی لیگ اسپنر ایڈم زمپا انجرڈ ہونے کے سبب بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔آسٹریلیا کی جانب سے مارکوس اسٹوئنس نے 23 اور کیمرون گرین نے 22 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 18رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز میں کلین سویپ پر قوم کو مبارکباد دی۔وزیراعظم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کی پذیرائی کی، انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام میچز اپنے نام کیے۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کھیل کے تینوں شعبوں یعنی بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ میں غیر معمولی مہارت، جذبے اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور جذبے کی بدولت یہ کامیابی ممکن ہوئی۔وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی ،کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مجھے امید ہے کہ جیت کا یہ شاندار سلسلہ آئندہ بھی برقرار رہے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔