اسلام آباد(سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈارکا ترکیہ اور ایران کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دو طرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا جائزہ اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران دونوں رہنماوں نے تجارت، رابطہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے علاقائی امن و ترقی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا ترکیہ کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔دونوں رہنماوں نے پاکستان اور ترکی کے دوطرفہ تعلقات کے اہم پہلووں پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بالخصوص فلسطین اور غزہ سے متعلق تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں مشترکہ نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں اور عوام سے عوام کے تبادلے میں تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور علاقائی امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
