Sunday, March 15, 2026
ہومپاکستانبلوچستان کی ترقی قومی ترجیح ، بلوچ عوام کے حقوق اور ترقیاتی منصوبوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،چودھری شجاعت حسین

بلوچستان کی ترقی قومی ترجیح ، بلوچ عوام کے حقوق اور ترقیاتی منصوبوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،چودھری شجاعت حسین

اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے پارٹی قیادت اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور اور موثر انداز میں حصہ لیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی رہنماوں ڈاکٹر رفیع اللہ، شکور مری اور بشیر خان اچکزئی سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی، جس میں صوبائی وزیر چودھری شافع حسین اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفی ملک بھی موجود تھے۔چودھری شجاعت حسین کی خصوصی ہدایت پر پارٹی ترجمان کل 3 روزہ تنظیمی دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے، جہاں مختلف سیاسی و تنظیمی امور پر مشاورت کی جائے گی۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور امن و استحکام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں معدنیات کے وسیع ذخائر صوبے کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔ان قیمتی معدنی ذخائر پر دنیا کی نظریں ہیں، امن و استحکام سے ان کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔بلوچستان کی ترقی ہماری قومی ترجیح ہے ، بلوچ عوام کے حقوق اور ترقیاتی منصوبوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
بلوچستان کو نظرانداز کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر پر فوری توجہ ناگزیر ہے۔وفاق اور صوبہ مل کر بلوچستان کے مسائل کا پائیدار حل نکالیں۔ترقی کے ثمرات بلوچستان کے عوام تک پہنچانا وقت کی ضرورت ہے ، مضبوط بلوچستان ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔سی پیک میں بلوچستان کو مزید نمائندگی دینا ہوگی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔ چودھری شجاعت حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ق) صوبے میں امن، ترقی اور بہتر حکمرانی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔