اسلام آباد،ملک میں مہنگائی کا راج برقرار ہے، دالیں مرغی سے بھی مہنگی ہو چکی ہیں، دال ماش 249 روپے کلو، دال مونگ 183 روپے جبکہ مرغی 176 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت تین سالہ کارکردگی کا واویلا کر رہی ہے لیکن صورتحال یہ ہے کہ ملک میں مسلسل دسویں ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مہنگائی کی مجموعی شرح 15.86 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مرغی 15 روپے 30 پیسے، دال مسور 14 روپے 66 پیسے، دال ماش 8 روپے سے زئد جبکہ دال چنا 4 روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔یوں اس وقت ملک میں دال ماش 249 روپے کلو، دال مونگ 183 روپے جبکہ مرغی 176 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔آٹے کا بیس کلو کا تھیلا بھی مزید 3 روپے 55 پیسے مہنگا ہو کر 1137 روپے ہو چکا ہے۔ خوردنی گھی کا اڑھائی کلو کا ڈبہ 5 روپے، پیاز 3 روپے 36 پیسے جبکہ لہسن 12 روپے 74 پیسے فی کلو مہنگا ہو کر 257 روپے کلو میں دستیاب ہے۔ انڈوں کی قیمت میں بھی 4 روپے 42 پیسے فی درجن مزید اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب حالیہ ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 53 روپے 36 پیسے جبکہ ٹماٹر 24 روپے سستے ہوئے۔ 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادھر ہول سیل مارکیٹ میں اجناس اور چینی کی قیمتوں میں پھر اضافہ ہوگیا ہے۔چیئرمین ہول سیلرز ایسو سی ایشن عبدالرف ابراہیم کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی ایکس مل قیمت میں 5 روپے کلو اضافہ ہوا جس سے سندھ میں چینی کی ایکس مل قیمت 102 روپے کلو ہوگئی جب کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی 103 روپے کلو کی ریکارد سطح پر پہنچ گئی ہے۔چیئرمین ہول سیلرز ایسو سی ایشن نے مزید بتایا کہ ہول سیل مارکیٹ میں دال چنا 120 سے بڑھ پر 135 روپے کلو، ماش کی دال 180 سے بڑھ کر 220 روپے کلو ہوگئی۔عبد الرف ابراہیم کا کہنا تھا کہ ہول سیل مارکیٹ میں دیگر اجناس میں کالا چنا 108 سے بڑھ کر 120 روپے کلو جبکہ کالی مرچ 700 سے بڑھ کر 825 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگی جب کہ دار چینی کی قیمت 475 سے بڑھ کر 600 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے، چیئرمین ہول سیلرز ایسو سی ایشن کے مطابق عالمی سطح پر اجناس اور ڈالر کی قدر میں تیزی کے اثرات ہول سیل مارکیٹ پر ظاہر ہو رہے ہیں۔
ملک میں مہنگائی کا راج برقرار، دالیں مرغی سے بھی مہنگی ہو گئیں
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
