ہومپاکستانمجلس وحدت مسلمین نے زیارات کیلئے زمینی راستے سے جانے پر حکومتی پابندی کو مسترد کردیا،خاتمے کا مطالبہ

مجلس وحدت مسلمین نے زیارات کیلئے زمینی راستے سے جانے پر حکومتی پابندی کو مسترد کردیا،خاتمے کا مطالبہ

کراچی (سب نیوز)مجلس وحدت مسلمین(ایم ڈبلیو ایم)نے زیارات کے لیے زائرین کے زمینی راستے سے جانے پر حکومتی پابندی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم)سندھ و کراچی کے ذمے داروں کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں کہا گیا کہ زیارات کے لیے زمینی راستے سے جانے والے زائرین پر پابندی لگانا قبول نہیں۔

رہنماوں نے کہا کہ اس فیصلے سے دہشت گردوں کے عزائم کو تقویت ملے گی، حکومت اپنی کمزوری چھپانے کیلئے ایسے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زائرین کو سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، زمینی راستے سے جانے پر پابندی جیسے حکومتی اقدامات اشتعال انگیز ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں نے کہا کہ زیارات پر جانے والوں پر پابندی لگانا حکومتی نااہلی ہے، پابندی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا تھا کہ زیارت اربعین کے لیے عراق و ایران کے صرف فضائی سفر کی اجازت ہوگی۔قبل ازیں 14 جولائی کو فیصلہ کیا گیا تھا کہ آئندہ سال جنوری سے پاکستانی زائرین بغیر آرگنائزر گروپ کے عراق نہیں جاسکیں گے، اور ان گروپس کو پابند کیا جائے گا کہ جو بھی لوگ ان کے ساتھ جائیں گے، ان سب کو واپس لانا لازمی ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔