Saturday, March 7, 2026
ہومپاکستانصدر مملکت سے چینی سفیر کی ملاقات، خطے میں امن کیلئے مشترکہ اقدامات کا عزم

صدر مملکت سے چینی سفیر کی ملاقات، خطے میں امن کیلئے مشترکہ اقدامات کا عزم

اسلام آباد(سب نیوز)صدر مملکت سے چینی سفیر نے ملاقات کی جس میں خطے میں امن کیلئے مشترکہ اقدامات کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ایوان صدر اسلام آباد میں چینی سفیر جیانگ زائی دونگ نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، معیشت، ثقافت اور علاقائی روابط کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، پاکستانی عوام اپنے آہنی بھائی چین کی مستقل حمایت پر شکرگزار ہیں، چین پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر چینی سفیر نے صدرمملکت کی آنے والی سالگرہ پر صدر شی جن پنگ کی جانب سے دلی نیک خواہشات کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔