کراچی (سب نیوز)احتساب عدالت کراچی نے بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض، ان کے بیٹے علی ریاض اور داماد زین ملک سمیت دیگر ملزمان کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کے معاملے میں اہم اقدام اٹھا لیا۔
عدالت نے اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے ملزمان کی طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہیں 15 جولائی تک عدالت میں پیش ہو کر اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔قومی احتساب بیورو (نیب)کے خصوصی پبلک پراسیکیوٹر نے ڈی جی نیب کراچی کی جانب سے جاری کردہ جائیداد ضبط کرنے کے حکم نامے کی توثیق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
نیب حکام کے مطابق، ملک ریاض اور دیگر ملزمان کے خلاف بحریہ ٹاون کراچی کے لیے سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے الزامات پر ریفرنس زیر سماعت ہے۔عدالت نے ملزمان کے بار بار نوٹسز کے باوجود پیش نہ ہونے پر سخت موقف اختیار کیا ہے اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں۔نیب کا کہنا ہے کہ ملک ریاض اور ان کے ساتھیوں نے کراچی، راولپنڈی، اور دیگر مقامات پر سرکاری و نجی اراضی پر ناجائز قبضہ کر کے بغیر اجازت ہاوسنگ سوسائٹیز قائم کیں اور عوام سے اربوں روپے اکٹھے کیے۔
احتساب عدالت نے ملزمان کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنا موقف پیش کریں، بصورت دیگر جائیداد ضبط کرنے کے عمل کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔کیس کی اگلی سماعت 15 جولائی کو متوقع ہے جس میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے ملک ریاض اور دیگر ملزمان کی طلبی کا نوٹس جاری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
