Monday, July 7, 2025
ہومتازہ ترینآپریشن سندور میں ہلاک بھارتی فوجیوں کو اعزازات دینے کا اعلان، شکست خوردہ بھارت کا جانی نقصان سامنے آگیا

آپریشن سندور میں ہلاک بھارتی فوجیوں کو اعزازات دینے کا اعلان، شکست خوردہ بھارت کا جانی نقصان سامنے آگیا

دنیا بھر میں جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے فوجیوں کو عزت اور تکریم سے نوازا جاتا ہے، لیکن بھارت کا رویہ اس کے برعکس رہا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، آپریشن سندور کے دوران بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، لیکن ان ہلاکتوں کو تسلیم نہ کر کے بھارتی فوج اور حکومت شدید اندرونی دباؤ کا شکار رہی۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت اور افواج نے ہزیمت سے بچنے کے لیے آپریشن سندور میں ہونے والے نقصانات کو ابتدا میں چھپایا، لیکن اب بھارتی حکومت نے ان ہی چھپی ہوئی ہلاکتوں میں سے 100 سے زائد فوجی اہلکاروں اور پائلٹس کو اعزازات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مصدقہ اطلاعات کے مطابق، صرف لائن آف کنٹرول پر بھارت کو 250 سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان میں انڈین ایئر فورس یونٹ کے 7 فوجی، 10 انفنٹری بریگیڈ کے جی ٹاپ میں 5 ہلاک اہلکار، اور ہیڈکوارٹر 93 انفنٹری بریگیڈ میں ہلاک ہونے والے 9 فوجی شامل ہیں، جنہیں اب اعزازات سے نوازا جا رہا ہے۔

بھارتی فضائیہ کے 4 ہلاک پائلٹس، جن میں 3 رافیل طیاروں کے پائلٹس شامل ہیں، کو بھی اعزازات دیے جائیں گے۔ اسی طرح آدم پور ایئربیس پر مارے گئے جدید ایس 400 دفاعی نظام کے 5 آپریٹرز، ادھم پور ایئربیس اور ایئر ڈیفنس یونٹ پر ہلاک ہونے والے 9 اہلکار، راجوڑی ایوی ایشن بیس میں 2 ہلاک، اور اڑی کے سپلائی ڈپو کے او سی سمیت 4 ہلاک فوجی اہلکار بھی اعزازی لسٹ کا حصہ ہیں۔

انٹیلیجنس فیلڈ سپورٹ یونٹ نوشہرہ میں ہلاک ایک اہلکار اور 12 انفنٹری بریگیڈ اڑی میں 3 ہلاک اہلکاروں کو بھی اعزازات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، پٹھان کوٹ اور اُدھم پور سمیت پاکستان کے مؤثر حملوں کے بعد بھارت سیزفائر پر مجبور ہوا۔ متعدد بھارتی جنرل اور سفارتی نمائندے بھی ان نقصانات کو تسلیم کر چکے ہیں، جن میں تباہ شدہ بیسز اور رافیل طیاروں کے نقصانات شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارت نے ابتدا میں اپنی رسوائی اور شکست چھپانے کے لیے فوجی نقصانات کو نہ صرف چھپایا بلکہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کے لواحقین پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنے پیاروں کی تصاویر بھی شیئر نہ کریں۔

یہ امر حیران کن ہے کہ بھارت اب انہی ہلاک فوجیوں کو اعزازات دے رہا ہے جن کی ہلاکتیں کبھی تسلیم نہیں کی گئیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جب بھارتی حکومت نے آپریشن سندور کے دوران فوجیوں کی ہلاکتوں کو تسلیم ہی نہیں کیا تو اب اندرونی دباؤ میں آ کر اعزازات دینے کا فیصلہ کیوں کیا جا رہا ہے؟

یاد رہے کہ 2019 میں ونگ کمانڈر ابھینندن کو جہاز گرنے کے بعد ”ویر چکرا“ سے نوازا گیا تھا، اور مجموعی طور پر اس وقت 5 ایوارڈز دیے گئے تھے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی بھی پروفیشنل فوج اپنے شہیدوں اور زخمیوں کو فخر سے یاد کرتی ہے، لیکن ہندوستان نے نہ صرف اپنے نقصانات چھپائے بلکہ اپنے فوجیوں کی قربانیوں کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کیا، جو کسی بھی فوج کے لیے انتہائی شرمناک اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل ہے۔

یہ تمام حقائق اس بات کا ثبوت ہیں کہ مودی سرکار شکست اور رسوائی کو اعزاز کے لبادے میں چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ بھارت نہ صرف عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے، بلکہ اپنی ہی قوم سے سچ چھپا رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔