سرینگر،بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ، وادی اور جموں میں سیاہ پرچم لہرا دیئے گئے،میرپور آزاد کشمیر میں ضلع کچہری سے چوک شہیداں تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، شرکا نے سیاہ جھنڈے اٹھا کر بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، پورے مقبوضہ کشمیر میں ایسے پوسٹرز چسپاں کئے گئے جن میں بھارتی یوم آزادی کو کشمیریوں کیلئے یوم سیاہ قرار دیا گیا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف پورے کشمیر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ، جن میں حق خودارادیت کا اعادہ کرتے ہوئے بھارتی تسلط سے نجات کے نعرے لگائے گئے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوںنے بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پرمنایا تاکہ بین الاقوامی برادری کو یہ پیغام دیا جائے کہ بھارت انہیں ان کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکارکررہا ہے، اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال اور سول کرفیو نافذ رہا جس کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور میرواعظ عمرفاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے دی تھی ۔مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لئے دنیا بھر میں کشمیریوں نے بھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے۔ دریں اثناء قابض حکام نے چپے چپے پر بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی بھاری تعداد تعینات کرکے وادی کشمیربالخصوص سرینگر کو فوجی چھائونی اور ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ۔سرینگرکے علاقے سونا وارمیں کرکٹ اسٹیڈیم جہاں بھارتی یوم آزادی کی مرکزی تقریب ہورہی ہے، کی طرف جانے والی تمام سڑکوںکو بند کردیاگیا۔ بھارتی فورسز کے اہلکارلوگوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لئے ڈرون سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں۔ وادی بھر میں بالخصوص 15اگست کی تقریبات کے ارد گردمقامات پر بھارتی فوجی اور پولیس اہلکاروں کی بھاری تعداد تعینات کی گئی ۔
بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ، کالے جھنڈے لہرا دیئے گئے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
