ہومپاکستاندشمن قوتوں کو پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم کا دوٹوک اعلان

دشمن قوتوں کو پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم کا دوٹوک اعلان

اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دشمن قوتوں کو پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات،سی پیک،کورونا ویکسین اور مختلف شعبوں میں تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے وزیراعظم کو چینی صدر اور وزیراعظم کی جانب سے یوم آزادی پر مبارکباد دی۔وزیراعظم نے کورونا کے دوران چینی تعاون اورویکسین کی فراہمی پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، دشمن قوتوں کو پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سی پیک خطے میں تبدیلی کیلئے بہترین منصوبہ ہے، پاکستان اورچین سی پیک کی بروقت تکمیل کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ملاقات میں خطے کی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان تنازع کا فوجی حل نہیں ہے، پاکستان افغانستان تنازع کا حل سیاسی مذاکرات سے چاہتا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو آئندہ بلدیاتی جلد کروانے کا ہدف دیدیا ہے، اس ضمن میں دی جانے والی ہدایت میں وزیراعظم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کی تیاری کی جائے، پارٹی فعال کردار ادا کرے۔وزیراعظم کی ہدایات کے بعد پنجاب کے وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آئندہ سال مارچ اپریل میں بلدیاتی انتخابات کروانے کے لئے پنجاب حکومت تیار ہے، اس ضمن میں جلد قانون سازی کا عمل بھی مکمل کر لیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن جو بھی اپنی تیاری کرنا چاہتا ہے کرے، ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں ہوں گے۔ پہلے مرحلہ میں ویلج کونسل اور نیبرہڈ کونسل کے غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ دوسرا مرحلے میں تحصیل کونسل اور میٹرو پولیٹین میئرز کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنے والے مختلف اقدامات کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 33 لاکھ افغان پناہ گزین موجود ہیں، ان کے علاوہ بھی بہت سے ایسے لوگ ہیں جو غیر رجسٹرڈ ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ملک میں جن کے پاس کوئی شناخت نہ ہو وہ نان سیٹیزن بن جاتے ہیں، نادرا ایلین رجسٹریشن کارڈز جاری کررہا ہے جس کے نتیجے میں وہ پناہ گزین بھی مرکزی دھارے میں آجائیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ہونے والے فراڈ کا حل ٹیکنالوجی ہے، ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے اشتراک سے ہم پہلی مرتبہ پاکستان میں ایسا الیکشن کروائیں گے جس کے نتائج سب قبول کرلیں، ٹیکنالوجی کو ڈیٹا سے ملا دیں گے تو ٹھپے لگانا، بیلٹ باکس بھرنا، ایک ایک گھر سے 100، 100 جعلی ووٹس نکلنے جیسے تمام کام ختم ہوجائیں گے۔عمران خان نے مزید کہا کہ جیسے ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشینز آجائیں گی ، ان کے ساتھ نادرا کا ڈیٹا ضم کر کے ہم اکیسیوں صدی کا الیکشن کروائیں گے، جو سب قبول کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔