ہومبریکنگ نیوزجنوبی وزیرستان کے علاقہ سراروغہ میں محسود قبائل کا قومی جرگہآئی جی ایف سی سائوتھ کی شرکت

جنوبی وزیرستان کے علاقہ سراروغہ میں محسود قبائل کا قومی جرگہآئی جی ایف سی سائوتھ کی شرکت

ڈیرہ اسماعیل خان( محمد ریحان )جنوبی وزیرستان کے علاقہ سراروغہ میں محسود قبائل کا قومی جرگہ، آئی جی ایف سی سائوتھ نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرا دی ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقہ سراروغہ میں محسود قبائل کے نمائندہ وفدکا آئی جی ایف سی سائوتھ میجر جنرل مہرعمرنیازی کے ساتھ گرینڈ جرگے کا انعقاد ہوا جرگے میں قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، اور صحافیوں نے شرکت کی۔ جرگے میں سابقہ سینیٹر مولانا صالح شاہ، ملک رفا خان، اور رکن صوبائی اسمبلی آصف خان محسود نے محسود قوم کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔

مولانا صالح شاہ نے محسود قبائل کے پانچ اہم مطالبات پیش کیے،آئی جی ایف سی سائوتھ نے قومی جرگہ سے خطاب میں محسود قبائل کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ محسود قوم نے خطے میں امن کے قیام اور ترقی کے لیے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائل کے تعاون کے بغیر یہاں کی ترقی اور امن ممکن نہیں، جرگے میں عمائدین کی جانب سے قوم کو درپیش مسائل پر آئی جی ایف سی نے فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔

مزید برآں انہوں نے محسود قبائل کے ساتھ مل کر علاقے میں ترقیاتی منصوبے، تعلیم اور صحت کی سہولیات میں بہتری بارے اقدامات کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ،جرگے کو امن و ترقی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے آئی جی ایف سی نے کہا کہ قبائل اور انتظامیہ کے درمیان تعاون خطے کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔