اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس کے ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنے پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے باور کرایا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے یہ قربانی رائیگاں نہیں گئی، ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، شرح سود 15 فیصد اور ترسیلاتِ زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ملکی ترقی کے لیے یونہی محنت کرتے رہیں گے، ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مزموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں، ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے آج نئی تاریخ رقم کی ہے، بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر گیا۔
کاروباری دن کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 1210 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کر گیا۔
یہ قابل ذکر ہے کہ اسٹاک مارکیٹ 17 ماہ قبل صرف 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر موجود تھی اور صرف 17 ماہ کے عرصے میں مارکیٹ نے 60 ہزار پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
اسٹاک مارکیٹ کا ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر بھروسے کا عکاس ہے، وزیراعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔