اسلام آباد(آئی پی ایس )پاورڈویژن نے بجلی سہولت پیکیج کا اعلان کردیا، جس کے تحت سردیوں میں اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ قیمت میں ریلیف دیا جائے گا۔پاور ڈویژن کے مطابق اضافی بجلی کے استعمال پرفی یونٹ 26 روپے تک ریلیف دیا جائیگا۔پاورڈویژن کا بتانا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے اضافی بجلی کے استعمال پر ریلیف ملے گا اور اضافی بجلی پر26 روپے7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ دیا جائیگا۔
بجلی سہولت پیکیج موسم سرما کے3 ماہ یعنی دسمبر2024 سے فروری2025 کے لیے ہوگا۔پاورڈویژن کے مطابق بجلی سہولت پیکیج کا اطلاق گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر ہوگا۔گھریلو صارفین کو ٹیرف پر 11 روپے 42 پیسے سے 26 روپے تک فی یونٹ ریلیف ملے گا جبکہ کمرشل صارفین کو 13 روپے 46 پیسے سے 22 روپے 71 پیسے تک فی یونٹ ریلیف ملے گا۔صنعتی صارفین کو 5 روپے 72 پیسے سے 15 روپے 5 پیسے تک فی یونٹ بچت ہوگی۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت نے موسم سرما اور بہار میں اضافی بجلی استعمال کرنے کے لیے ونٹر پیکج کا پلان تیار کرلیا۔ذرائع کا بتانا تھا کہ موسم سرما میں اضافی بجلی کے استعمال کے لیے بنائے گئے ونٹر پیکج کو جنوری سے شروع کرنیکی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ بجلی کی طلب 8 ہزار سے 15 ہزار میگاواٹ بڑھانیکا پلان بنایا گیا ہے جب کہ اضافی بجلی کے استعمال پرصارفین کو ایک یونٹ پر 12 روپے تک ریلیف دینے کی تجویز ہے۔
