اسلام آباد(آئی پی ایس) پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہو کر سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اندر کی لائٹس بند کر دی گئیں، جس کے بعد سول کپڑوں میں چند اہلکار پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہو گئے، جبکہ باہر موجود پولیس نے پوزیشن سنبھال لیں۔
صاحبزادہ حامد رضا کو نقاب پوش اہلکاروں نے پارلیمنٹ کے اندر سے حراست میں لیا، جبکہ پی ٹی آئی کے نسیم علی شاہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم، عامر ڈوگر، زین قریشی، احمد چٹھہ، یوسف خان، جنوبی وزیرستان سے رکن اسمبلی زبیر خان سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ موجود دو سیکیورٹی اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا، سیکورٹی اہلکار پارلیمنٹ سروس سینٹر کے باہر موجود تھے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس پہنچ گئے ہیں، نعیم پنجھوتا کا کہنا تھا کہ وہ کے پی ہاؤس سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ہمراہ پشاور روانہ ہوں گے۔
