اسلام آباد (آئی پی ایس )ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کیلئے 7 بجے تک دیا گیا وقت ختم ہو گیا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے اختتام کا وقت شام 7 بجے مقرر تھا، اور اس حوالے سے جلسہ منتظمین کو باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا تھا۔
ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ این او سی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پی ٹی آئی کے منتظمین کو شام 6 بجے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی تھی اور انہیں جلسہ ختم کرنے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مقررہ وقت تک جلسہ ختم نہ کرنا این او سی کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک ایکٹ پاس ہوا ہے جو این او سی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ راستے عام لوگوں کے لیے کھلے تھے اور پی ٹی آئی کی قیادت کو جلسے کے اختتام کے حوالے سے تمام ضروری معلومات فراہم کر دی گئی ہیں۔مقررہ وقت تک جلسہ ختم نہ کرنا این او سی کی خلاف ورزی تصور ہوگی، این او سی کی خلاف ورزی پر جلسہ منتظمین کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔
