Wednesday, February 18, 2026
ہومبریکنگ نیوزسیاسی نقطہ نظر میں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں، آرمی چیف کا یوم دفاع و شہدا کی تقریب سے خطاب

سیاسی نقطہ نظر میں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں، آرمی چیف کا یوم دفاع و شہدا کی تقریب سے خطاب

راولپنڈی (سب نیوز )گورنمنٹ ہیڈ کوارٹر میں یوم دفاع و شہدا کی پروقار تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے۔جی ایچ کیو میں وزیراعظم کو آمد پر سلامی پیش کی گئی جبکہ آرمی چیف نے ان کا استقبال کیا، پھر شہباز شریف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھرلوں کی چادر چڑھا کر دعا کی۔تقریب میں وفاقی کابینہ کے اراکین، اعلی سول و عسکری قیادت، شہدا کے اہل خانہ بھی شریک ہوئے۔

تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ چلایا گیا سب نے یک زبان ہوکر ترانہ پڑھا۔ پھر لیفٹیننٹ کرنل حافظ رشید احمد نے تلاوت قرآن مجید کی۔تقریب میں میزبانی کے فرائض لیفٹیننٹ کرنل عمیر بنگش اور کیپٹن عائشہ شوکت خان نے انجام دیے، آغاز پر دونوں میزبانوں نے لہو گرما دینے والی ایک نظم پیش کی جس میں دشمن کو پیغام دیا گیا تھا کہ وہ ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جسارت نہ کرے۔

دونوں میزبانوں نے یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں شرکت پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ شرکا سے گفتگو میں دونوں میزبانوں نے کہا کہ 6 ستمبر محض ایک دن نہیں اور نہ ہی 1965 کے 6 ستمبر کو قلم کی روشنی سے لکھا جاسکتا ہے۔تقریب میں شہدا کے آخری خطوط اور لمحات کے حوالے سے شہید کی ڈائری کے نام سے ویڈیو چلائی گئی جس میں شہدا کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ویڈیو میں کپٹن کرنل شیر خان شہید، کیپٹن جنید خان شہید (تاریخ شہادت گیارہ مئی 2009)، کیپٹن عزیز محمود (تاریخ شہادت 11 اگست 2024)، سمیت دیگر کے خطوط کو بھی پڑھ کر سنایا گیا۔اس کے علاوہ کیپٹن محمد کاشف شہید کے والد نے اپنے بیٹے کا آخری پیغام پڑھ کر سنایا جبکہ سپاہی ثوبان شہید، عابد حسین شہید، لیفٹیننٹ جہانگیر مری شہید، سپاہی وقاص علی شہید سمیت دیگر کے خطوط اور والدین کی جذباتی گفتگو کو بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پنڈال میں بیٹھے ہر شخص جذباتی کیفیت میں ڈوب گیا جبکہ اس کی آنکھیں اشکبار تھیں۔

شہدا کے اہل خانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے پیاروں کی شہادتیں ان کے لیے فخر کا باعث ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ انشا اللہ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی جبکہ فتنہ الخوارج سمیت ملک کے تمام دشمنوں کو شکست فاش اور فتح پاک فوج و پاکستان کی ہوگی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کا یومِ دفاع و شہدا پاکستان کی تقریب سے تاریخی خطاب شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی کہا کہ شہدا کے مقدس خون نے پاک سر زمین کی مٹی کی آبیاری کی، پاکستان کی عظیم قوم کے جذبوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے افواج ِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے شانہ بشانہ طاغوتی قوتوں اور دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

پاکستانی قوم ایک جری اور بہادر قوم ہے، دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ میں قربانیوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے جو دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پاکستان کی غیور عوام بلخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بہادر لوگوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔

آرمی چیف نے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سور آلِ عمران کی آیت 169کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اور جو لوگ اللہ کی راہ میں شہید کیے گئے، ہر گز انہیں مردہ نہ سمجھو، وہ زندہ ہیں، اپنے رب کے پاس رزق پاتے ہیں۔فتنہ الخوارج کے خلاف متحد آواز، پیغامِ پاکستان، مغربی سرحدوں کا باضابطہ انتظام، قبائلی علاقہ جا ت کی صوبہ میں شمولیت، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں معاشی و سماجی ترقی کے اقدامات اہم کامیابیاں ہیں، یہ کامیابیاں ریاستِ پاکستان کے عزم اور شہدا اور غازیوں کی قربانی کا ثمر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جغرافیائی اہمیت کے علاوہ اللہ تعالی نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے، ہمارا اصل اثاثہ عوام، بالخصوص ہماری نوجوان نسل ہے، نوجوان نسل کا ملکی سالمیت و ترقی میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، بھارت کے ناجائز زیرِ قبضہ جموں و کشمیر نہ صرف ملکی، بلکہ خطے اور عالمی سطح کا مسئلہ ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ شہدا ِ پاکستان کو سلامِ عقیدت جن کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، شہید ہماری پہچان ہیں، شہدا کے لواحقین ہمارا مان ہیں، پاکستانی قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم میں انتشار، بے یقینی اور مایوسی پھیلانے والے تمام عوامل کو ہم اپنی ذہنی ہم آہنگی کے ساتھ متحد ہو کر شکست دیں گے، قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی شہہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں، ان کی معاونت، جرائم کا جواز اور دفاع پیش کرنے والوں پر آئندہ بھی زمین تنگ رہے گی، فتنہ برپا کرنے والوں کے متعلق خدائے لم یزل کا ارشاد یاد رکھیں کہ الفتنہ اکبر من القتل۔پنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور پاکستانی عوام اپنی سالمیت کا دفاع جانتے ہیں اور کبھی مذموم ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین پاکستانیت کا ناگزیر حصہ ہے۔ آرمی چیف نے اتحاد اور یگانگت کی صفات اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہمعاشرتی و سماجی معاملات میں اخوت، ہم آہنگی، برداشت اور بردباری کا مظاہرہ کریں،مذہبی عدم برداشت سے بالا تر رہ کر آئینِ پاکستان کے مطابق اقلیتوں کے حقو ق کا مکمل تحفظ کریں، سیاسی نقطہ نظر میں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں، قائد کے رہنما اصول، ایمان، اتحا د اور تنظیم ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔