Thursday, November 14, 2024
ہومپاکستانشہر اقتدار کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کیلئے ماحول دوست توانائی کے اقدامات قابل تحسین ہیں، رومینہ خورشید عالم

شہر اقتدار کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کیلئے ماحول دوست توانائی کے اقدامات قابل تحسین ہیں، رومینہ خورشید عالم

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان کے دوسرے شہروں کو چاہئے کہ وہ اسلام آباد کے موسمیاتی ایکشن ماڈل پر عمل کریں۔

اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے ماحولیاتی تبدیلی کے خطرے کے پیش نظر ماحول دوست توانائی پر منتقلی کے لیے شروع کردہ اقدامات کی تعریف کی ہے ۔ وزیراعظم کی معاون نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وزارت نے سی ڈی اے کی انتظامیہ کو مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک منفرد حل تجویز کیا ہے جس پر عمل کرکے اسلام آباد کی ہوا کے معیار کو بہتر بناکر اسے بین القوامی سطح پر ایک سیاحتی مقام کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد کی ہوا کا معیار پی ایم 2 اعشاریہ5پر ہے جو کہ ڈبلیو ایچ او کے عبوری اہداف سے زیادہ ہے اور مسلسل بدتر ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ حل نہ صرف دارالحکومت میں ہوا کے معیار کو بہتر بنائے گا بلکہ صحت کے خطرات کو بھی کم کرے گا اور مزید بین الاقوامی سیاحوں کو بھی راغب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے وفاقی شہر اور اس کی ملحقہ علاقوں کے لئے الیکٹرک بس سروس، کلائمیٹ چینج فنڈ (سی سی ایف )، مارگلہ ہلز فنڈ(ایم ایچ ایف)اور کاربن کریڈٹ پروگرام(سی سی پی)جیسی مختلف پالیسیاں اور اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔ان اقدامات کو سراہتے ہوئے، رومینہ خورشید نے آئی سی ٹی خطے میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات آب و ہوا کے معیار کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے جو دارالحکومت اور اس کیملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کے لیے ایک سرسبز اور پائیدار مستقبل کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ آئی سی ٹی میں حال ہی میں شروع کی گئی الیکٹرک بس سروس، ماحولیاتی تحفظات کو دور کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بسیں فضا میں آلودگی نہیں چھوڑتیں بلکہ یہ روایتی ڈیزل بسوں کے مقابلے میں گرین ہاوس گیسوں کے اخراج اور شور کی آلودگی کو کم کرتی ہیں۔مختلف مطالعات کا حوالہ دیتے ہوئے، انھوں نے یہ بھی ذکرکیا کہ الیکٹرک بسیں ڈیزل بسوں کے مقابلے میں لائف سائیکل کے اخراج کے لحاظ سے 2 اعشاریہ5 گنا زیادہ بہتر ہو سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی سی ایف، اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ھے جو آئی سی ٹی میں ماحولیاتی تحفظات کو دور کرنے میں مدد کرے گا۔موسمیاتی تبدیلی کے اقدام کے حصے کے طور پر سی سی پی کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیراعظم کی معاون نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت دارالحکومت میں 2000 سے لے کر 10000 کنال پر 4 سے 5 ملین درخت لگائے جائیں گے۔رومینہ نے کہا کہ ایم ایچ ایف کے ذریعے مارگلہ کی پہاڑیوں میں تفریحی مقامات سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 1.5 فیصد مختص کیا جائے گا تاکہ سی پی پی کے اقدام کے پائیدار ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔کوآرڈینیٹر نے دیگر شہروں کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ قابل تجدید توانائی، پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے آب و ہوا کے اقدامات میں اسلام آباد کی پیروی کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔