Friday, September 20, 2024
ہومپاکستانحکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن،وزیر اعظم کا مہنگائی کے اعشاریوں میں کمی پر اظہار اطمینان

حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن،وزیر اعظم کا مہنگائی کے اعشاریوں میں کمی پر اظہار اطمینان

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیرِاعظم شہباز شریف نے مہنگائی کے اعشاریوں میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی میں کنزیومر پرائس انڈیکس میں ریکارڈ کمی ہوئی، افراط زر کی شرح 11فیصد پر آگئی ہے، معاشی ماہرین کی ستمبر مہنگائی کی شرح میں مزید کمی کی پیش گوئی خوش آئند ہے، عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کا اعتراف کیا، حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پرگامزن ہے، حکومت کی رائٹ سائزنگ پالیسی پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے، رائٹ سائزنگ کے عمل کی نگرانی میں خود کررہا ہوں، عوام کی مشکلات کا احساس ہے، حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کام کررہی ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے افراط زر کی شرح اور پاکستان ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مہنگائی کے اشاریوں میں کمی پر اظہار اطمینان کیا۔انہوں نے کہا کہ جولائی 2024 میں کنزیومر پرائس انڈیکس میں ریکارڈ کمی ہوئی اور افراط زر کی شرح 11 فیصد پر آگئی اور معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیش گوئی خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ فچ کے بعد حال ہی میں بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جو عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کا اعتراف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے، رائٹ سائیزنگ پالیسی پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے جس کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں، اس کے معیشت پر مثبت اثرات جلد نمایاں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کی جانب سے بجلی صارفین کو بلوں کی مد میں ایک بڑا ریلیف دیا گیا اور آج سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت تمام فوائد عام آدمی تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے، حکومتی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے، حکومت عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔