ہومپاکستانافواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، آرمی چیف

افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، آرمی چیف

راولپنڈی (آئی پی ایس )آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یوم آزادی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کر کے بیرونی جارحیت کی راہ ہموار کر دیتے ہیں، قوم کا پاک فوج پر غیرمتزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
77ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ہم اس ذات باری تعالی کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں آزادی کی نعمت عطا کی اور حوصلہ، ہمت اور طاقت عطا کی کہ ہم ناصرف اس مملکت خداداد کا دفاع کر سکیں بلکہ اس مسلمہ حقیقت کو آنے والی نسلوں کے لیے ایک کامیاب اور عظیم مثال بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قوم شعور کی بنیاد نظریہ پاکستان ہے جو دو قومی نظریے پر مبنی ہے، اس تاریخی اور دائمی نظریے نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ شناخت، ثقافت اور تہذیب قائم کرنے کا موقع فراہم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کا مقصد محض ایک جغرافیائی خطے کا حصول نہ تھا بلکہ ایک ایسے فلاحی ریاست کا قیام تھا جہاں اسلام کے سنہری اصولوں کی بنیاد پر معاشرہ امن و سلامتی اور افہام و تفہیم سے مسلمانوں اور اس ملک میں موجود تمام دوسرے مذاہب کے لوگوں کو آزادی اور تحفظ میسر کر سکے۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آزادی پاکستان علامہ اقبال کی مدبران سوچ، قائد اعظم محمد علی کی عظیم قیادت اور برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں کی بے لوث قربانیوں کا ثمر ہے، یہ ملک ناصرف قائم رہنے بلکہ دنیائے عالم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے معرض وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے اپنے جداگانہ تشخص کی خاطر ہجرت کی صعوبتیں برداشت کیں اور بے شمار قربانیاں دیں، آج کے دن ہم تحریک پاکستان کے قائدین اور کارکنان کو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان شہدا، غازیوں اور لواحقین کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ان قربانیوں کی بنا پر آزادی کے پرچم کو سربلند رکھا، بلاشبہ آج ہمارا ان آزاد فضاں میں زندگی بسر کرنا شہدا کی عظیم قربانیوں کی مرہون منت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے ارتقائی دور خاص طور پر ماضی قریب میں متعدد چیلنجز کا بخوبی مقابلہ کیا، کسی بھی مشکل نے ہمارے عزم اور ارادے کو کمزور نہیں کیا، تاریخی طور پر ہمارے قومی جذبے کو ہمیشہ آزمائش میں تقویت ملی اور ہم من حیث القوم ہر مشکل کے بعد اور بھی زیادہ مضبوط قوم بن کر ابھرے جس میں قوم اور افواج کا باہمی اعتماد کلیدی رہا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ یاد رکھیں کہ نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کر کے بیرونی جارحیت کی راہ ہموار کر دیتے ہیں، قوم کا پاک فوج پر غیرمتزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، یہ مضبوط رشتہ مشکل حالات میں ہماری قوت بن کر حوصلوں اور جذبوں کو بڑھانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، مجھے پختہ یقین ہے کہ کوئی منفی قوت اعتماد اور محبت کے اس رشتے کو ناکبھی کمزور کر سکی ہے اور نہ آئندہ کر سکے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔