ماسکو،روس کے مشرقی حصے میں ایک مسافر بردار جہاز لاپتہ ہو گیا ہے جس پر 29 مسافر سوار ہیں، جن میں سے 23 مسافر اور چھ عملے کے ارکان ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک AN-26 جہاز جس پر 23مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے جزیرہ نما کامچھاٹکا کے علاقے میں لاپتہ ہو گیا۔ یہ جہاز علاقائی دارالحکومت پیٹروپافلوفسک کیمچیٹسکی سے پالانا نامی گاوں جا رہا ہے۔ اس جہاز کے لاپتہ ہونے کا اس وقت معلوم ہوا جب اس کا طے شدہ وقت کے مطابق کنٹرول ٹاور سے رابطہ نہ ہو سکا۔ خدشہ ہے کہ یہ جہاز حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔مسافر طیارے کی تلاش اور امدادی کوششیں جاری ہیں۔روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق طیارے میں 29افراد سوار ہیں جن میں چھ عملے کے ارکان اور ایک یا دو بچے شامل ہیں۔مسافر طیارے کے ساتھ کیا ہوا ہوگا اس حوالے سے متضاد رپورٹس سامنے آ رہی ہیں، روس کی خبر ایجنسی تاس نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوا ہے جبکہ ایک دوسرے ذرائع نے انٹرفیکس کو بتایا ہے کہ طیارہ پالانا کے قصبے کے قریب کوئلے کی کان کے نزدیک چلا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق مسافر طیارے کی تلاش کے لیے کم از کم دو ہیلی کاپٹرز کو لانچ کیا گیا ہے جبکہ امدادی کارکنوں کو بھی تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔روس جو ایک زمانے میں طیاروں کے حادثات کے لیے بدنام رہا ہے، نے اپنے فضائی ٹریفک کے حفاظتی ریکارڈ کو حالیہ سالوں میں بہتر کیا ہے تاہم طیاروں کی خراب حالت اور حفاظت کے معیار میں لاپرواہی کا مسئلہ تاحال اپنی جگہ ہے اور حالیہ سالوں میں روس کو کئی جان لیوا فضائی حادثات کا سامنا رہا ہے۔آخری بار بڑا فضائی حادثہ مئی 2019 میں پیش آیا تھا جب سخوئی سپر جیٹ نے ماسکو ایئرپورٹ پر کریش لینڈنگ کے بعد آگ پکڑ لی تھی، اس حادثے میں 41 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
روس میں مسافر بردار طیارہ لاپتہ ہو گیا، 29مسافر سوار تھے،تلاش جاری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
