اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف کے اضافے کے بعد ایک اور بم گراتے ہوئے گھریلو صارفین پر ایک ہزارروپے تک فکسڈ چارجز لگا دیے جبکہ دیگر صارفین کے لیے 184 فیصد اضافہ ہوگا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو کے علاوہ دیگر صارفین کے لیے فکسڈ چارجز میں 184 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے اور یہ فکسڈ چارجز جولائی 2024 سے نافذ ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ماہانہ 301 سے 400 یونٹ استعمال کرنے پر گھریلو صارفین کے لیے200 روپے فکسڈ چارجز، ماہانہ 401 سے 500 یونٹ بجلی استعمال پر 400 روپے، ماہانہ501 سے 600 یونٹ استعمال پر600 روپے اور ماہانہ 601 سے 700 یونٹ استعمال پر فکسڈ چارجز 800 روپے لاگو ہوں گے۔مزید بتایا گیا ہے کہ ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ بجلی کے استعمال پر ایک ہزار روپے فکسڈ چارجز عائد ہوں گے۔خیال رہے کہ اس سے پہلے بجلی کے گھریلو صارفین پر فکسڈچارجز عائد نہیں تھے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صنعتی صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز 184 فیصد بڑھا دیے گیے ہیں، بجلی کے کمرشل صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 150فیصد اور زرعی ٹیوب ویلز صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 100 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔مذکورہ اضافے کے بعد صنعتی صارفین کے لیے ماہانہ فکسڈ چارجز440روپے سے بڑھا کر1250روپے، کمرشل صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 500 سے بڑھ کر1250روپے، زرعی ٹیوب ویلز صارفین کیلئے فکسڈ چارجز200 روپے سے بڑھ کر400 روپے ہوگئے ہیں۔
