اسلام آباد(آئی پی ایس ) وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے کہا ہے کہ صدیوں سے خواتین کا استحصال ہو رہا ہے جسے اب روکنے کا وقت آگیاقومی کمیشن برائے وقارنسواں کانفرنس میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کیلیے بات چیت کا راستہ اختیارکرنا چاہیے،رویوں کوبدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کیلیے صرف قانون سازی نہیں عملدرآمد بھی ضروری ہے
،وقت آگیا ہے جنگی بنیادوں پرمعیشت کوبہترکرنا ہوگا، معاشرے کی بہتری کیلیے منفی رویوں کوبدلنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ہم اپنی لڑائیوں میں مصروف ہے، ہماری عدالتوں کوسیاسی مقدمات سے فرصت نہیں ہے، عدالتوں میں لاکھوں کیسز زیرِالتوا ہیں، قوانین بہت سوچ سمجھ کر اور مشاورت سے بنائے جانے ضروری ہیں، قوانین بنانا اور ان پر عملدرآمد کرانا دو الگ الگ معاملات ہیں۔
اعظم نذیر تارڑنے کہا کہ خواتین کے حوالے سے قوانین بنانے اور عملدرآمد کرانے پر وزیراعظم نے صوبوں کے ساتھ یہ معاملہ اٹھانے کا کہا ہے، صدیوں سے خواتین کا استحصال ہو رہا ہے اب اسے روکنے کا وقت آگیا ہے، جسٹس قاضی فائز عیسی نے بہت مضبوط ججمنٹ دی ہے کہ خواتین کے حقوق پر کوئی سستی نہ دکھائی جائے۔
